پی ایس ایل 11 کے پلے آف میں جانے کے لیے کس ٹیم کو کتنے میچز جیتنے ہوں گے؟

پاکستان سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر کون سی ٹیم کہاں پر موجود ہے؟
شائع 20 اپريل 2026 11:06pm

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں آج آرام کا دن ہے، ٹورنامنٹ کے تیسرے مرحلے کا آغاز کل سے دوبارہ لاہور سے شروع ہوگا۔

کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں لاہور پہنچ گئی ہیں، پلے آف مرحلے کے تین اسپاٹس کے لیے 6 ٹیموں میں میچز کھیلے جائیں گے۔ فائنل فور میں جگہ بنانے کے لیے ملتان سلطانز کو 3 میں سے ایک جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ 3 میں سے 2 میچ جیتنا لازمی ہیں۔

حیدرآباد کنگزمین، لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کو اپنے بقیہ تمام میچز جیتنے ہوں گے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے مشکل صورت حال انہیں ناصرف میچز جیتنے ہیں بلکہ دوسروں کی ہار کا بھی انتظار کرنا ہوگا۔

پشاور زلمی نے پلے آف مرحلے کے لیے پہلے ہی جگہ بنالی ہے جب کہ راولپنڈیز کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

پوائنٹس ٹیبل کی صورت حال

پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو اب تک 29 میچز کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر اب تک ناقابل شکست رہنے والی پشاور زلمی کی ٹیم 8 میچز میں 7 فتوحات اور ایک میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد 15 پوائنٹس کےساتھ پہلے نمبر پر قبضہ جمائے ہوئے ہے جب کہ اسلام آباد یونائٹیڈ کے خلاف میچ بارش کی نظر ہونے پر پشاور زلمی کو ایک پوائنٹ حاصل ہوا تھا۔

ملتان سلطانز 7 میچز میں 5 فتوحات اور 2 ناکامیوں کے بعد 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیم 7 میچز میں 4 فتوحات اور 2 ناکامیوں کے بعد 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔

اس طرح پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر موجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے 8 میچز میں 3 فتوحات اور 5 ناکامیوں کے بعد 6 پوائنٹس جوڑے ہیں۔

اسی طرح حیدرآباد 7 میچز میں 3 فتوحات اور 4 ناکامیوں کے بعد 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں، دفاعی چیمپین لاہور قلندرز 7 میچز میں 3 فتوحات اور 4 شکستوں کے بعد 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور کراچی کنگز کی ٹیم بھی 7 میچز میں 3 فتوحات اور 4 شکستوں کے بعد 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر موجود ہے۔

اس کے علاوہ آخری نمبر پر موجود راولپنڈیز کی ٹیم سیزن میں تاحال جیت کا کھاتہ نہ کھول سکی اور آٹھویں نمبر پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں پشاور زلمی کے کوشل مینڈس 413 اور بابر اعظم 401 رنز کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر ہیں جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حسن نواز 288 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

اسی طرح سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز میں پشاور زلمی کے سفیان مقیم 17 وکٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جب کہ 13 وکٹوں کے ساتھ شاہین شاہ آفریدی دوسرے اور 11 وکٹوں کے ساتھ حسن علی تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بھاری مارجن سے شکست دی جب کہ کراچی کنگز کو ملتان سلطانز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔