گرمی سے نجات کا قدرتی حل، خس کے پردے دوبارہ مقبول

تپتی گرمی میں 'خس' کے پردوں کے استعمال سے بجلی اور صحت دونوں کی بچت ہوگی۔
شائع 21 اپريل 2026 11:43am

شدید گرمی اور تپتی لو کے دوران جہاں اے سی کا استعمال جیب پر بھاری پڑتا ہے اور صحت کے لیے بھی کئی مسائل پیدا کرتا ہے، وہیں ’خس کے پردے‘ ایک بہترین اور قدیم قدرتی حل کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ یہ نہ صرف بجلی کے بلوں میں بچت کرتے ہیں، بلکہ گھر کے ماحول کو قدرتی طور پر خوشگوار بناتے ہیں۔

خس کی جڑوں سے بنے پردے اب جدید گھروں میں بھی استعمال ہونے لگے ہیں، جنہیں ایک ماحول دوست اور قدرتی کولنگ حل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

خس ایک مخصوص خوشبودار گھاس ہے۔ اس کی خاصیت اس کی گھنی اور لمبی جڑیں ہیں، جو پانی جذب کرنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان جڑوں سے بنے پردوں کو کھڑکیوں اور دروازوں پر لگایا جاتا ہے۔

جب ان پردوں پر پانی ڈالا جاتا ہے، تو یہ گرم ہوا کو جذب کر کے اسے بخارات میں تبدیل کر دیتے ہیں ، جس کے نتیجے میں کمرے کا درجہ حرارت تیزی سے گر جاتا ہے۔

خس کے گیلے پردے سے گزرنے والی ہوا میں قدرتی ٹھنڈک ہوتی ہے۔ اگر آپ ان پردوں کو گیلا رکھیں، تو یہ کمرے کے درجہ حرارت کو 5°C سے 10°C تک کم کر سکتے ہیں۔

یہ خاص طور پر گرمی میں دوپہر کے وقت بہت مؤثر ثابت ہوتے ہیں اور گرم ہوا کو ٹھنڈی ہوا میں بدل کر آپ کو تروتازہ رکھتے ہیں۔

ان پردوں کے استعمال سے اے سی کی ضرورت کم ہو جاتی ہے، جس سے ماہانہ بجلی کے بل میں 30 فیصد سے 40 فیصد تک کمی واقع ہو سکتی ہے۔

ان پردوں کی ایک اور خاص بات ان کی خوشبو ہے، جو قدرتی طور پر ذہن کو سکون دیتی ہے۔ خس کی جڑوں میں قدرتی تیل پایا جاتا ہے۔ جب خس کی جڑوں پر پانی پڑتا ہے تو ان سے مٹی جیسی بھینی بھینی اور مسحور کن خوشبو آتی ہے۔

۔

یہ سوندی خوشبو نہ صرف اعصاب کو سکون دیتی ہے بلکہ اسے ’اروما تھراپی‘ میں ذہنی دباؤ اور بے چینی کم کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے

ان جڑوں کی گھنی بناوٹ ہوا میں موجود دھول مٹی اور آلودگی کو کمرے میں داخل ہونے سے روکتی ہے، جس سے آپ کو صاف اور شفاف ہوا میسر آتی ہے۔

یہ میٹرو شہروں میں رہنے والوں کے لیے ایک بہترین فلٹر کا کام کرتی ہیں، جس سے سانس کی بیماریوں کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔استعمال کا

ان پردوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے انہیں کھڑکی یا بالکونی کے بیرونی حصے پر لگائیں جہاں سے ہوا کا گزر ہو۔ دن میں دو سے تین بار ان پر پانی کا چھڑکاؤ کریں تاکہ جڑیں نم رہیں اور ٹھنڈک کا سلسلہ برقرار رہے۔

آج کل یہ جدید رولنگ بلائنڈز کی شکل میں بھی دستیاب ہیں جنہیں آسانی سے اوپر نیچے کیا جا سکتا ہے۔ اگر آپ الرجی یا دمہ کے مریض ہیں تو مصنوعی اے سی کی خشک ہوا کے بجائے خس کے پردوں کی قدرتی نم ہوا آپ کے لیے زیادہ سازگار ثابت ہو سکتی ہے۔

آن لائن مارکیٹ میں مختلف برانڈز کے کھس پردے دستیاب ہیں، جو قیمت اور سائز کے لحاظ سے مختلف ہیں، اور صارفین انہیں گھروں، بالکونیوں اور کھڑکیوں میں آسانی سے استعمال کر رہے ہیں۔

یوں یہ روایتی طریقہ ایک بار پھر جدید دور میں اپنی اہمیت منوا رہا ہے، جہاں لوگ کم خرچ اور قدرتی حل کی طرف تیزی سے رجوع کر رہے ہیں۔

نوٹ: یہ مضمون محض معلومات کی فراہمی کے لیے ہے۔ خریداری کرتے وقت مصنوعات کی ریٹنگ اور ریویو کا جائزہ خود ضرور لیں۔