لائیو

پی ایس ایل 11 فائنل: پشاور زلمی کے خلاف حیدرآباد کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، 7 کھلاڑی آؤٹ

حیدرآباد کنگز مین نے 12 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنالیے ہیں۔
اپ ڈیٹ 03 مئ 2026 09:19pm

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے فائنل میں پشاور زلمی کے خلاف حیدرآباد کنگز مین کی بیٹنگ جاری ہے اور اس نے 12 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنالیے ہیں۔

پشاور زلمی کی دعوت پر حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان مارنس لبوشین اور معاذ صداقت نے کیا، اننگز کے آغاز پر ہی دوسرے اوور میں 16 کے اسکور پر پہلی وکٹ گر گئی، جب معاذ صداقت ایک چھکا اور ایک چوکے کی مدد سے 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

حیدرآباد کنگز مین کو 51 کے مجموعی اسکور پر دوسرا نقصان اٹھانا پڑا، جب کپتان مارنس لبوشین بھی 20 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد 71 کے اسکور پر حیدر آباد کنگز مین کی تیسری وکٹ عثمان خان کی صورت میں گری جو صرف 8 رنز بناسکے جب کہ عرفان خان ٹیم کے مجموعی اسکور میں صرف ایک رنز کا ہی اضافہ کرکے رن آؤٹ ہوگئے۔

اگلے اوورز میں 72 کے اسکور پر ہی حیدرآباد کنگز مین کو پانچواں نقصان بھی اٹھانا پڑا، نئے آنے والے کھلاڑی میکس ویل پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جب کہ 73 کے مجموعی اسکور پر کوسال پریرا بھی صرف ایک رن بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔

حیدر آباد کنگز مین کا اسکور 90 تک پہنچا تو اس کی ساتویں وکٹ بھی گرگئی، حسان خان 12 رنز بنا کر ایرن ہارڈی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اس وقت صائم ایوب 37 اور حنین شاہ 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

میچ کا ٹاس

اتوار کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل 11 کے فائنل میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر حیدرآباد کنگز مین کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

پشاور زلمی کی جانب سے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، خرم شہزاد کی جگہ ناہید رانا کو پشاور زلمی کی پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے جب کہ حیدرآباد کنگز کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

ٹاس کے بعد پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور نے ہمیشہ ہی ہماری ٹیم کو سپورٹ کیا،اپنے منصوبے کو عملی جامہ پہنائیں گے اور کوشش کریں گے بطور ٹیم اچھا پرفارم کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی پچ پر تھوڑی گراس لگ رہی ہے بطور ٹیم جلدازجلد کنڈیشن کو سمجھنا ہوگا۔

حیدرآباد کنگز کے کپتان مارنس لبوشین نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد کے خلاف بہت سنسنی خیز طریقے سے میچ جیتا اب فائنل میچ کے لیے بھی پوری طرح تیار ہیں، چند دنوں سے بہت اچھا لگ رہا ہے، یہ میرا پہلا پی ایس ایل ہے اور میں بہت پرجوش ہوں، پچ دیکھنے میں بہت اچھی لگ رہی ہے۔

پشاور زلمی اس میچ میں فیورٹ کے طور پر میدان میں اتری ہے، ٹیم نے لیگ مرحلے میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 8 میچز جیتے اور صرف ایک میں شکست کھائی جب کہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔

کپتان بابر اعظم شاندار فارم میں ہیں اور ٹورنامنٹ کے ٹاپ رن اسکورر بھی ہیں جب کہ کوشل مینڈس کے ساتھ ان کی جوڑی ریکارڈ کے قریب پہنچ چکی ہے۔ بولنگ میں سفیان مقیم 21 وکٹوں کے ساتھ نمایاں ہیں جب کہ فاسٹ بولر ناہید رانا کی واپسی نے ٹیم کو مزید مضبوط کیا ہے۔

حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم

حیدر آباد کنگز مین کی ٹیم میں معاز صداقت، مارنس لبوشین (کپتان)، صائم ایوب، عثمان خان (وکٹ کیپر)، کوسال پریرا، گلین میکسویل، عرفان خان نیازی، حسن خان، حنین شاہ، محمد علی اور عاکف جاوید شامل ہیں۔

پشاور زلمی کی ٹیم

پشاور زلمی کی ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، محمد حارث، کوسال مینڈس (وکٹ کیپر)، فرحان یوسف، مائیکل بریسویل، ایرن ہارڈی، افتخار احمد، عبدالصمد، سفیان مقیم، باسط علی اور ناہید رانا شامل ہیں۔

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم فل فارم میں ہیں اور 588 رنز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، انہیں کوشل مینڈس کا ساتھ بھی حاصل ہے جو  544 رنز بناکر دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ بولنگ میں سفیان مقیم 21 وکٹوں کے ساتھ نمایاں ہیں اور فاسٹ بولر ناہید رانا کی واپسی نے ٹیم کو مزید مضبوط کیا ہے۔

پشاور زلمی نے لیگ مرحلے میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 8 میچز جیتے اور صرف ایک میں شکست کھائی جب کہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔ سوائے لاہور قلندر کے ٹورنامنٹ میں جو بھی ٹیم سامنے آئی زلمی نے ہی فتح پائی ہے۔

پی ایس ایل 11 کی رنگا رنگ اختتامی تقریب جاری

اس سے قبل سپر سنڈے کا سُپر فائنل دیکھنے کے لیے قذافی اسٹیڈیم لاہور  میں ہاؤس فل ہوگیا، پی ایس ایل سیزن 11 کی رنگارنگ اختتامی تقریب لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والی اختتامی تقریب نے پی ایس ایل 11 کو یاد گار بنا دیا جب کہ شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود رہی۔

پی ایس ایل الیون کی اختتامی تقریب کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و کمنٹیٹر وسیم اکرم اور زینب عباس نے ہوسٹ کیا۔ سابق کپتان ظہیر عباس اوروسیم اکرم پی ایس ایل ٹرافی اسٹیج پر لے کر آئے اور پھر ٹرافی ایروبکس کا مظاہرہ کرتی خاتون نے وسیم اکرم کو دی۔

اختتامی تقریب میں لوک گلوکار عارف لوہار، گلوکار علی عظمت، عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے فن کا مظاہرہ مظاہرہ کیا جب کہ گلوکاروں کی پرفارمنس پر شائقین جھوم اُٹھے۔ تقریب کے آخر میں شاندار آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کا وقت اختتامی تقریب کے باعث تبدیل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد میچ رات 7 بجے کے بجائے سوا 8 بجے شروع ہوا۔

پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز کے درمیان فائنل میچ کا ٹاس شام 7 بج کر 45 منٹ پر ہوا۔ اس سے قبل ٹاس کا وقت ساڑھے 6 بجے اور میچ کا آغاز 7 بجے مقرر تھا تاہم تقریب کو مدنظر رکھتے ہوئے شیڈول میں تبدیلی کی گئی۔

قبل ازیں چمچماتی ان فینیٹی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی، جہاں کپتانوں بابر اعظم اور مارنس لبوشن نے ڈبل ڈیکر بس میں ٹرافی کے ساتھ اسٹائلش فوٹو شوٹ کیا اور دلچسپ انداز میں بس ڈرائیو کرتے ہوئے ریس بھی لگائی۔

پشاور زلمی 2017 کے بعد دوبارہ ٹائٹل جیتنے کے لیے پرعزم ہے جب کہ حیدرآباد کی ٹیم اپنے پہلے سیزن کو یادگار بنانے کی کوشش میں ہے۔