غیر ملکی وی لاگرز پاکستان کے حسن اور مہمان نوازی کے معترف
دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے کئی مشہور ٹریول کریئیٹرز اور یوٹیوبرز حالیہ دنوں میں پاکستان کا رخ کر رہے ہیں، جہاں وہ ملک کے خوبصورت مقامات، ثقافت اور عوامی محبت سے بے حد متاثر دکھائی دیے۔
پاکستان ایک ایسا ملک ہے جو اپنی جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے ہمیشہ دنیا بھر کی توجہ کا مرکز رہتا ہے۔
ماضی میں دہشت گردی اور علاقائی حالات کی وجہ سے اسے کئی دہائیوں تک کڑی تنقید اور مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے سیاحت بھی متاثر ہوئی۔
لیکن اب وقت بدل رہا ہے اور پاکستان میں حالات پہلے کے مقابلے میں کافی بہتر اور پرسکون ہو چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب دنیا بھر سے سیاح اور کانٹینٹ کریئیٹرز بڑی تعداد میں اس خوبصورت ملک کی سیر کے لیے کھنچے چلے آ رہے ہیں۔
حال ہی میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے کئی معروف کانٹینٹ کریٹرز اور ٹریول یوٹیوبرز نے پاکستان کا دورہ کیا۔ ان میں کیرن براؤن اور لیوک ڈیمنٹ جیسے نام شامل ہیں جنہوں نے کراچی جیسے بڑے شہر کی رونقوں کا لطف اٹھایا۔
ان غیر ملکی مہمانوں نے نہ صرف یہاں کے خوبصورت مقامات دیکھے بلکہ پاکستانی عوام کی روایتی مہمان نوازی کا بھی قریب سے تجربہ کیا۔
پاکستان کے اس سفر نے ان سیاحوں کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں کے ساتھ یہاں کے بہترین تجربات شیئر کیے۔
ان غیر ملکی تخلیق کاروں کا کہنا ہے کہ ہم نے کراچی کی زندگی اور یہاں کے لوگوں کے پرجوش استقبال کا بھرپور لطف اٹھایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ان کی توقعات سے کہیں زیادہ خوبصورت، محفوظ اور محبت کرنے والے لوگوں کا ملک ہے۔
سوشل میڈیا صارفین بھی ان ویڈیوز اور تصاویر کو خوب پسند کر رہے ہیں اور امید ظاہر کر رہے ہیں کہ اس طرح کے مثبت تجربات پاکستان کا نرم اور خوبصورت تشخص دنیا بھر میں مزید اجاگر کریں گے۔
















