ٹرمپ کابینہ میں ایک اور بڑا استعفیٰ، نیشنل انٹیلی جنس ڈائریکٹر تلسی گبارڈ مستعفیٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کابینہ سے ایک اور استعفیٰ سامنے آگیا، امریکی نیشنل انٹیلی جنس کی ڈائریکٹر تلسی گبارڈ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے مستعفی ہونے کی وجہ اپنے شوہر کو انتہائی نایاب قسم کے ہڈیوں کے کینسر کی تشخیص قرار دیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق 45 سالہ تلسی گبارڈ نے جمعے کے روز اوول آفس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران اپنے استعفے سے آگاہ کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تلسی گبارڈ کا استعفیٰ 30 جون 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔
فوکس نیوز کو موصول ہونے والے استعفے کے خط میں تلسی گبارڈ نے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران آفس آف دی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس کی قیادت کا موقع ملنے پر شکر گزار ہیں۔
انہوں نے اپنے خط میں کہا کہ حال ہی میں ان کے شوہر ابراہام میں ہڈیوں کے ایک نہایت نایاب کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں انہیں شدید طبی مشکلات کا سامنا ہوگا۔
تلسی گبارڈ نے مزید کہا کہ اس صورت حال میں وہ عوامی عہدے سے الگ ہو کر اپنے شوہر کے ساتھ رہنا اور ان کی مکمل معاونت کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے اپنے شوہر کو اپنی زندگی کا مضبوط سہارا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابراہام نے ان کے فوجی مشن، سیاسی مہمات اور حکومتی ذمہ داریوں کے دوران ہمیشہ ان کا ساتھ دیا۔
استعفے کے خط میں تلسی گبارڈ نے کہا کہ انہوں نے انٹیلی جنس کمیونٹی میں شفافیت اور اصلاحات کے لیے اہم پیش رفت کی تاہم ابھی مزید کام باقی ہے۔ انہوں نے انتظامی منتقلی کو مؤثر اور ہموار بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
رپورٹ کے مطابق تلسی گبارڈ نے اپنے دور میں انٹیلی جنس اداروں میں مختلف اصلاحات کیں، جن میں ادارے کے حجم میں کمی، سرکاری اخراجات میں بچت، متعدد دستاویزات کو ڈی کلاسیفائی کرنا اور مختلف تحقیقاتی ریکارڈز منظرعام پر لانا شامل ہے۔
فوکس نیوز کے مطابق انہوں نے ویپنائزیشن ورکنگ گروپ بھی قائم کیا تھا جب کہ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر کے ذریعے ہزاروں مشتبہ افراد کو امریکا میں داخل ہونے سے روکنے کے اقدامات بھی کیے.
صدر ٹرمپ نے تلسی گبارڈ کے استعفے کی تصدیق کردی
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس تلسی گبارڈ 30 جون کو اپنے عہدے سے الگ ہو جائیں گی۔
جمعے کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا تلسی گبارڈ نے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دیں تاہم اب وہ 30 جون کو انتظامیہ سے علیحدہ ہو رہی ہیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق تلسی گبارڈ کے شوہر ابراہام کو حال ہی میں ہڈیوں کے ایک نایاب کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے بعد وہ اپنے شوہر کے ساتھ رہ کر ان کی صحت یابی پر توجہ دینا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ابراہام جلد صحت یاب ہو جائیں گے جب کہ تلسی گبارڈ نے اپنی ذمہ داریوں کے دوران غیر معمولی کام کیا اور انتظامیہ انہیں یاد کرے گی۔
امریکی صدر نے یہ بھی اعلان کیا کہ نیشنل انٹیلی جنس کے پرنسپل ڈپٹی ڈائریکٹر ایرن لوکاس قائم مقام ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے تلسی گبارڈ کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔













