ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے مرا جا رہا ہے: صدر ٹرمپ کا دعویٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ جاری کشیدگی کو ختم کرنے اور ایک نیا معاہدہ کرنے کے لیے مرا جا رہا ہے تاہم اس حوالے سے ایران کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
جمعے کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن کی فوجی طاقت کا دفاع کیا اور مشرقِ وسطیٰ سمیت دنیا بھر میں امریکی فوجی کارروائیوں کا تذکرہ کیا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کی فوج دنیا کی سب سے طاقتور فوج ہے اور امریکا نے مختلف محاذوں پر کارروائیاں کی ہیں، جن میں ایران سے متعلق اقدامات بھی شامل ہیں۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران اس وقت معاہدہ کرنے کے لیے ڈیل کرنے کے لیے مر رہا ہے اور وہ مذاکرات کی خواہش رکھتا ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا اپنی سیکیورٹی اور علاقائی مفادات کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاہم ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے حوالے سے ان کے بیانات کو سفارتی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے اپنی بات کی وضاحت کے لیے ماضی میں وینزویلا کی مہمات اور حالیہ مہینوں میں ایران کے خلاف کی جانے والی امریکی عسکری کارروائیوں کا حوالہ دیا۔
صدر ٹرمپ نے مڈل ایسٹ میں جاری کشیدگی اور مذاکرات کے تناظر میں کہا کہ امریکی دباؤ کے باعث تہران اس وقت شدید دباؤ میں ہے اور وہ واشنگٹن کے ساتھ ہر قیمت پر ڈیل (معاہدہ) کرنے کا خواہشمند ہے۔
امریکی صدر نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دے سکتے، اسی وجہ سے اسے نشانہ بنایا۔
ابھی تک ایران کی جانب سے امریکی صدر کے اس بیان پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔













