راولپنڈی: آل راؤنڈر عرفات منہاس کے ڈیبیو میچ میں آسٹریلوی ٹاپ آرڈر کو جھٹکے، 4 شکار

پاکستانی بولرز کی عمدہ بالنگ، آسٹریلیا کی آدھی ٹیم 123 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
شائع 30 مئ 2026 06:28pm

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی ٹیم نے اپنے 1000ویں ون ڈے میچ کا اہم سنگِ میل بھی عبور کر لیا ہے جب کہ نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس ون ڈے ڈیبیو میں اب تک چار اہم وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستانی بولرز نے میچ کے آغاز سے ہی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلوی بیٹنگ لائن پر دباؤ برقرار رکھا۔ کینگروز کو ابتدائی نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب اوپنر الیکس کیری 19 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

نوجوان آل راؤنڈر اور ڈیبیو بوائے عرفات منہاس کی شاندار بولنگ نے آسٹریلوی ٹاپ آرڈر کو پویلین کی راہ دکھائی، اور اپنے ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر کے پہلے ہی میچ میں تین وکٹیں حاصل کیں۔

عرفات منہاس نے پہلے آسٹریلوی کپتان جوش انگلس کو 13 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ اس کے بعد انہوں نے مارنس لبوشین اور کیمرون گرین کو بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس بھیج کر آسٹریلوی ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا۔

ستائیسویں اوور میں نصف سنچری بنانے کے بعد اوپنر میتھیو شارٹ بھی عرفات منہاس کی گھومتی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔

میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کے منیجر نوید اکرم نے عرفات منہاس کو ڈیبیو کیپ پیش کی۔

اس موقع پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف نے نوجوان کرکٹر کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پہلے ون ڈے میں پاکستانی ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں جبکہ سلمان علی آغا نائب کپتان کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، بابر اعظم، محمد غازی غوری، عبدالصمد، شاداب خان، عرفات منہاس، حارث رؤف اور ابرار احمد سمیت دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔

دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم کی قیادت جوش انگلس کر رہے ہیں، جبکہ الیکس کیری، میتھیو شارٹ، مارنس لبوشین، کیمرون گرین، میتھیو رینشا، اولیور پیک، تنویر سنگھا اور بلی اسٹین لیک بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔

راولپنڈی میں جاری اس میچ کی ایک اور تاریخی اہمیت یہ بھی ہے کہ پاکستان ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں اپنا 1000واں ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیل رہا ہے۔

اس سنگِ میل کے ساتھ پاکستان دنیا کی تیسری ٹیم بن گئی ہے جس نے ایک ہزار ون ڈے میچز مکمل کیے ہیں۔

اس سے قبل بھارت اور آسٹریلیا یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ بھارت فروری 2022 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا 1000واں ون ڈے کھیل کر یہ سنگِ میل عبور کرنے والی پہلی ٹیم بنی تھی، جبکہ آسٹریلیا ایک ہزار میچز کا سنگ میل عبور کرنے والی دوسری ٹیم ہے۔

میچ سے قبل دونوں ٹیموں کی جانب سے خوشگوار منظر بھی دیکھنے میں آیا جب آسٹریلوی ٹیم کے منیجر نے پاکستانی ڈریسنگ روم کا دورہ کیا اور عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر دونوں ٹیموں کے عہدیداروں کے درمیان تحائف کا تبادلہ بھی ہوا۔

تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں کھیلا جا رہا ہے، جبکہ دوسرا اور تیسرا ون ڈے 2 اور 4 جون کو لاہور میں ہوگا۔