ٹرمپ کا سی این این پر ایک بار پھر فیک نیوز پھیلانے کا الزام

معاہدے میں واضح ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا، امریکی صدر
شائع 01 جون 2026 12:09pm

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مجوزہ معاہدے سے متعلق امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹنگ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ’’فیک نیوز‘‘ قرار دے دیا۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ سی این این نے ایک بار پھر جھوٹی خبریں پھیلائیں اور دعویٰ کیا کہ ایران سے متعلق ان کے مجوزہ معاہدے میں جوہری معاملات کا ذکر نہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا، ’’فیک نیوز سی این این نے آج معمول کے مطابق کہا کہ میرا ایران نیوکلیئر ڈیل جوہری معاملات پر بات نہیں کرتا، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اس میں واضح طور پر درج ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔‘‘

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ معاہدے کا بڑا حصہ دراصل ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق ہے اور اس میں نہایت مضبوط اور تفصیلی شقیں شامل کی گئی ہیں۔

انہوں نے سی این این اور دیگر میڈیا اداروں پر الزام عائد کیا کہ وہ معاہدے کے مندرجات کو غلط انداز میں پیش کر رہے ہیں۔

ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا اس معاہدے کا بنیادی مقصد ہے اور اس حوالے سے تمام نکات واضح طور پر شامل کیے گئے ہیں۔