گلگت بلتستان میں گاڑی کو حادثہ، 6 افراد جاں بحق، سڑک کی بندش سے سیکڑوں سیاح محصور

نالے میں پانی کی آمد بہت زیادہ ہو جانے کی وجہ سے سڑک کا ایک حصہ پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا
شائع 02 جون 2026 12:11pm

گلگت بلتستان میں دو مختلف مقامات پر انتہائی افسوسناک واقعات پیش آئے ہیں جہاں ایک طرف پٹن کوہستان کے مقام پر ایک مسافر گاڑی گہری کھائی میں جا گری ہے تو دوسری طرف دیوسائی روڈ پر پانی کا بہاؤ بڑھنے کی وجہ سے سیکڑوں سیاح محصور ہو کر رہ گئے ہیں.

اسکردو سے راولپنڈی جانے والی ایک مسافر گاڑی پٹن کوہستان کے علاقے میں سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں گر گئی ہے.

اس ہولناک حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چھ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ہیں. مقامی انتظامیہ اور حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ لاشیں نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے، کھائی گہری ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے تاہم تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے.

دوسری جانب اسکردو میں ہی دیوسائی روڈ کی بندش کی وجہ سے سیکڑوں ملکی و غیر ملکی سیاح شدید مشکلات کا شکار ہیں.

دیوسائی روڈ پر واقع ایک نالے میں پانی کی آمد بہت زیادہ ہو جانے کی وجہ سے سڑک کا ایک حصہ پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا ہے جس کے بعد سے یہ اہم راستہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو چکا ہے.

سڑک کی تباہی کے ساتھ ساتھ اس پورے علاقے میں مواصلاتی رابطہ بھی منقطع ہو چکا ہے جس کی وجہ سے پھنسے ہوئے لوگوں کا اپنے پیاروں سے رابطہ کرنا ناممکن ہو گیا ہے.

انتظامیہ کے مطابق سیاح گزشتہ رات سے اس مقام پر پھنسے ہوئے ہیں اور ان محصور ہونے والے افراد میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے جنہیں فوری امداد اور محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی ضرورت ہے.