فیفا ورلڈکپ: عراقی اسٹرائیکر ایمن حسین سے امریکی حکام کی 7 گھنٹے تفتیش
ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے امریکا پہنچنے والی عراقی قومی فٹبال ٹیم کو ایئرپورٹ پر غیر متوقع صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔ شکاگو ائیرپورٹ پر امریکی حکام نے ٹیم کے اہم کھلاڑی ایمن حسین سے تقریباً سات گھنٹے پوچھ گچھ کی، بعد ازاں انہیں ملک میں داخلے کی اجازت دے دی گئی، تاہم ٹیم کے فوٹوگرافر کو امریکا میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔
عراقی اولمپک کمیٹی کے ایک عہدیدار کے مطابق عراقی فٹبال ٹیم ہفتے کو امریکا پہنچی تو ٹیم کے فارورڈ کھلاڑی ایمن حسین کو شکاگو کے اوہیئر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر امیگریشن حکام نے روک لیا۔
عہدیدار نے بتایا کہ امریکی حکام نے 30 سالہ ایمن حسین سے تقریباً سات گھنٹے تک پوچھ گچھ کی، جس کے بعد انہیں امریکا میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔ ان کے مطابق دورانِ تفتیش کھلاڑی کے موبائل فون کی بھی تلاشی لی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایمن حسین کے والد عراقی فوج میں افسر تھے جو 2008 میں ایک دہشت گرد حملے میں شہید ہو گئے تھے جب کہ ان کے بھائی کو 2014 میں دہشت گرد تنظیم (داعش) نے اغوا کیا تھا، جس کا سراغ آج تک نہیں مل سکا ہے۔
امریکی حکام نے عراقی ٹیم کے فوٹوگرافر طلال صلاح کو بھی 10 گھنٹے سے زائد وقت تک روک کر رکھا گیا اور موبائل فون کی جانچ پڑتال کی گئی جس کے بعد امریکی حکام نے انہیں امریکا میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
عراقی فٹبال ایسوسی ایشن یا ایمن حسین کی جانب سے اس واقعے پر فی الحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) اور محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے بھی اس حوالے سے تبصرے کی درخواستوں کا فوری جواب نہیں دیا۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ٹورنامنٹ کے آغاز میں ایک ہفتے سے بھی کم وقت باقی ہے۔
عراقی میڈیا نے بھی اس واقعے کو رپورٹ کیا ہے، جب کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں شائقین کی بڑی تعداد کو ائیرپورٹ پر ٹیم کا استقبال کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ایمن حسین عراقی فٹبال کے اسٹار اور اہم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔
پلے آف میچ میں بولیویا کے خلاف ان کے فیصلہ کُن گول کی بدولت ہی عراق کی ٹیم 40 سال کے طویل انتظار کے بعد ورلڈ کپ میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
عراقی ٹیم نے آخری بار 1986 کے ورلڈ کپ میں حصہ لیا تھا۔ اس سال ٹیم آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ہیڈ کوچ گراہم آرنلڈ کی کوچنگ میں ورلڈ کپ کھیلنے پہنچی ہے۔
امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہونے والا ٹورنامنٹ جمعرات سے شروع ہورہا ہے۔ ورلڈ کپ میں عراق کو گروپ آئی میں فرانس، سینیگال اور ناروے کا سامنا کرنا ہوگا۔
















