'سائیکو' کہنے پر اداکارہ میرا لائیو انٹرویو میں پھٹ پڑیں
پاکستان فلم انڈسٹری کی سینئر فلمی اداکارہ میرا نے ایک انٹرویو کے دوران خود کو ’سائیکو‘ (ذہنی مریض) کہے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی میڈیا سے فنکاروں کو عزت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو کے بعد مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد اداکارہ کی حمایت میں سامنے آ گئی ہے۔
یہ واقعہ اداکارہ میرا کی عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی نئی فلم ’سائیکو‘ کے پریمیئر کے موقع پر پیش آیا۔ فلم کی تشہیر کے دوران ایک مقامی فلمی صحافی نے انٹرویو لیتے ہوئے انتہائی نازیبا انداز میں کہا کہ آپ پہلے بھی سائیکو تھیں اور آپ نے فلم میں بھی سائیکو کا کردار ادا کیا اور اب تک اس سائیکو کے روپ سے باہر نہیں آ سکی ہیں۔
اس توہین آمیز تبصرے پر اداکارہ میرا شدید غصے میں آ گئیں اور انہوں نے صحافی کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دیکھیں، میری بات سنیں، اگر آپ لوگ ہمیں عزت نہیں دیں گے تو کوئی بات نہیں، ہمیں ویسے بھی انڈیا میں بہت عزت ملتی ہے۔
انہوں نے پاکستان میں فنکاروں کے ساتھ ہونے والے سلوک پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ نے مجھے سائیکو کہا اور یہ بھی کہا کہ میں اس سے پہلے بھی سائیکو تھی، ہمیں یہاں پاکستان میں عزت نہیں ملتی۔
انٹرویو کے دوران غصے کا اظہار کرنے کے بعد میرا نے سنجیدگی سے اپنے کردار کی اہمیت پر بات کی اور بتایا کہ فلم کا یہ کردار ان کے لیے کتنا مشکل تھا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں سمجھتی تھی کہ اس کردار کے بعد لوگ مجھے اور ہدایتکار شان شاہد کو خراج تحسین پیش کریں گے، ہماری حوصلہ افزائی کریں گے، کیونکہ ہم نے پاکستان میں رہ کر سائیکو جیسی مشکل فلم بنائی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ ایک ڈپریشن والی فلم ہے، اس میں ہم نے آپ کو کچھ سکھانے کی کوشش کی ہے، اگر میرے فلم کے کردار سے کچھ سیکھ سکتے ہیں تو سیکھ لیں۔ میرا نے اس سے قبل یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ اس فلم کے کردار کی وجہ سے وہ خود ذہنی تناؤ کا شکار ہو گئی تھیں اور انہیں ماہر نفسیات سے مدد لینی پڑی تھی۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوتے ہی صارفین نے رپورٹر کے اس غیر پیشہ ورانہ رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور میرا کے موقف کی تائید کی۔
واضح رہے کہ فلم ’سائیکو‘ عیدالاضحیٰ کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بن چکی ہے جس کی مرکزی کاسٹ میں سپر اسٹار شان شاہد، سونیا حسین، میرا اور شبیر جان جیسے بڑے نام شامل ہیں۔
















