ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

خیبرپختونخوا، راولپنڈی، مری، لاہور، گوجرانوالہ، سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان
شائع 22 جون 2026 10:55am

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور شہر میں وقفے وقفے سے بارش ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ راولپنڈی، مری، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ادھر کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے شمال مشرقی اضلاع میں چند مقامات پر بارش ہوسکتی ہے، تاہم صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جہاں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں متوقع آندھی اور بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہوسکتی ہے، جس سے حالیہ گرمی کی شدت میں کچھ حد تک کمی آئے گی۔