ارجنٹینا کے فٹبالر کی بیوی بچے بھی وینزویلا زلزلے میں جاں بحق

حادثے کے وقت فٹبالر لوکس ٹریخو اپنے کلب کے ساتھ آئندہ میچ کی تیاری کے لیے دارالحکومت کراکس میں تھے۔
شائع 29 جون 2026 11:17am

وینزویلا میں آنے والے تباہ کن زلزلوں نے ایک اور افسوسناک سانحہ جنم دیا ہے۔ وینزویلا کے ٹاپ فٹبال کلب ڈیپورٹیوو لا گوائیرا نے تصدیق کی ہے کہ ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی لوکس ٹریخو کی اہلیہ یانینا مارانیلا اور ان کے دونوں کمسن بچے، ایرون اور آئینہوا ٹریخو، زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق وینزویلا کے علاقے یاراکوئے میں دو طاقتور زلزلے آئے، جن کے باعث کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔ لوکس ٹریخو کی فیملی ساحلی علاقے پلایا گرانڈے میں اپنے رہائشی اپارٹمنٹ میں موجود تھی، زلزلے سےعمارت منہدم ہونے کے بعد وہ لاپتا ہو گئے تھے۔ بعد ازاں امدادی ٹیموں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

حادثے کے وقت لوکس ٹریخو اپنے کلب کے ساتھ آئندہ میچ کی تیاری کے لیے دارالحکومت کراکس میں موجود تھے، اس لیے وہ جائے وقوعہ پر موجود نہیں تھے۔ اپنے خاندان سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد انہوں نے اہل خانہ، مقامی رضاکاروں اور امدادی کارکنوں کی مدد سے انہیں تلاش کرنے کی کوشش کی۔

اس سے قبل لوکس ٹریخو نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام بھی جاری کیا تھا، جس میں انہوں نے عوام سے اپنے خاندان کے بارے میں کسی بھی قسم کی معلومات فراہم کرنے اور ان کی سلامتی کے لیے دعا کرنے کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے لکھا تھا کہ پلایا گرانڈے میں ان کی رہائشی عمارت گر چکی ہے اور انہیں اپنے خاندان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں مل رہی، تاہم وہ امید کر رہے ہیں کہ شاید ان کے اہل خانہ عمارت میں موجود نہ ہوں۔

لوکس ٹریخو کے کلب ”ڈیپورٹیوو لا گوائیرا“ نے اپنے بیان میں اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کلب اس مشکل وقت میں اپنے کھلاڑی اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑا ہے۔ اسی طرح ایک اور کلب ’ماریٹیمو دے لا گوائرا‘ نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔