ارجنٹائن یا اسپین: کون کتنی دفعہ فٹبال چیمپیئن رہا، کس کا پلڑا بھاری ہے؟
فیفا ورلڈ کپ 2026 اب اپنے فیصلہ کُن مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، جہاں آج رات دنیائے فٹبال کی دو مضبوط ٹیمیں ارجنٹائن اور اسپین فائنل میچ میں ٹرافی جیتنے کے لیے ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گی۔ ارجنٹائن کی ٹیم چوتھی جب کہ اسپین دوسری بار ورلڈ چیمپئن بننے کے لیے میدان میں اترے گی۔ لیونل میسی ممکنہ طور پر آخری ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کرنے کی کوشش کریں گے جب کہ لامین یامال اسپین کو 16 برس بعد دوبارہ عالمی چیمپئن بنانے کا خواب سجائے بیٹھے ہیں۔
فیفا ورلڈکپ 2026 میں دونوں ٹیموں کا سفر اب تک انتہائی عمدہ رہا جس کی وجہ سے شائقینِ فٹ بال فائنل میچ میں بھی دلچسپ مقابلے کی توقع کر رہے ہیں۔
اسپین نے گروپ مرحلے میں سات پوائنٹس کے ساتھ اپنی مہم کا کامیاب آغاز کیا تھا۔ گروپ مرحلے میں اسپین نے سعودی عرب اور یوراگوئے کو شکست دی جب کہ کیپ وردے کے خلاف مقابلہ برابر رہا تھا۔ ناک آؤٹ مرحلے میں اسپین نے آسٹریا کو 0-3 سے ہرایا پھر پرتگال کو بھی شکست دی۔
کوارٹر فائنل میں بیلجیم کے خلاف 1-2 سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد اسپین نے سیمی فائنل میں ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم سمجھے جانے والی فرانس کی ٹیم کو بھی 0-2 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ اس پورے عرصے میں بہترین ڈیفنس، نظم و ضبط کے ساتھ مقابلہ اور گیند پر مسلسل کنٹرول اسپین کی کامیابی کی بنیاد رہے۔
دوسری جانب ارجنٹینا نے گروپ مرحلے میں الجزائر، آسٹریا اور اردن کو شکست دے کر اپنی برتری ثابت کی تاہم ناک آؤٹ مرحلہ اس کے لیے نسبتاً زیادہ مشکل ثابت ہوا۔
راؤنڈ آف 32 میں کیپ وردے کے خلاف میچ اضافی وقت تک گیا جب کہ مصر کے خلاف راؤنڈ 16 کے میچ میں بھی وہ آخری لمحات میں میچ میں واپس آیا اور فتح سمیٹی۔ ارجنٹائن نے کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ کو بھی اضافی وقت میں شکست دی جب کہ سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف آخری لمحات میں میچ میں واپسی نے ارجنٹینا کو مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ فائنل تک پہنچا دیا۔
ان تمام میچز نے 39 سالہ لیونل میسی نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور یہی وجہ ہے کہ وہ اس وقت گولڈن بوٹ کی دوڑ میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ آج کے میچ میں دو گول اسکور کرنے کی صورت میں گولڈن بوٹ سمیت کئی منفرد ریکاڈز اپنے نام کرسکتے ہیں۔
ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہوگا جب اسپین اور ارجنٹینا آمنے سامنے ہوں گے۔ دونوں ٹیمیں پہلی بار 1966 کے ورلڈ کپ میں آمنے سامنے آئی تھیں جہاں ارجنٹینا نے اسپین کو 1-2 سے شکست دی تھی۔
دونوں ٹیمیں مجموعی طور پر 16 مرتبہ ایک دوسرے کے خلاف کھیل چکی ہیں، جن میں دونوں نے چھ، چھ میچ جیتے ہیں جب کہ دو مقابلے بے نتیجہ ختم ہوئے۔
فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے کیمپ سے کسی بھی کھلاڑی کی انجری کی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے، جس کا مطلب ہے کہ دونوں کوچ اپنے مضبوط ترین اسکواڈ کے ساتھ میدان میں اتر سکتے ہیں۔
اسپین کی ٹیم سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ 4-2-3-1 فارمیشن کے ساتھ کھیلے گی، جس میں لامین یامال، ڈینی اولمو اور میکل اویارزابال اہم کردار ادا کریں گے۔
دوسری جانب ارجنٹینا 4-1-3-2 فارمیشن اختیار کر سکتا ہے، جہاں لیونل میسی اور جولین الواریز پر گول اسکورنگ کی ذمہ داری ہوگی جب کہ مڈفیلڈ میں اینزو فرنانڈیز، الیکسس میک الیسٹر اور روڈریگو ڈی پال ٹیم کے کھیل کو متوازن رکھنے کی کوشش کریں گے۔
کون کب چیمپیئن رہا؟
ارجنٹائن اس سے قبل 1978، 1986 اور 2022 میں عالمی چیمپئن بن چکا ہے، جبکہ اسپین نے 2010 میں پہلی بار ورلڈ کپ ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
اگر فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو اس کا آغاز 1930 میں ہوا تھا اور اب تک کھیلے گئے 22 ٹورنامنٹس میں دنیا کی صرف 8 ٹیمیں ہی ایسی ہیں جو چیمپئن بننے کا خواب پورا کر سکی ہیں۔
فٹ بال کی دنیا میں سب سے کامیاب ٹیم برازیل کی مانی جاتی ہے، جس نے سب سے زیادہ پانچ بار یعنی سال 1958، 1962، 1970، 1994 اور 2002 میں ورلڈ کپ جیت کر پوری دنیا پر راج کیا۔
برازیل کے بعد جرمنی اور اٹلی چار، چار مرتبہ ورلڈ چیمپئن بن چکے ہیں۔ جرمنی نے 1954، 1974، 1990 اور 2014 میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے، جبکہ اٹلی نے 1934، 1938، 1982 اور 2006 میں فائنل میں کامیابی حاصل کی۔
ارجنٹائن تین مرتبہ ورلڈ کپ کی فاتح رہی ہے۔ جنوبی امریکی ٹیم نے پہلی بار 1978 میں اپنے ملک میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں ٹرافی جیتی، اس کے بعد 1986 میں میراڈونا کی قیادت میں عالمی چیمپئن بنی، جبکہ 2022 میں لیونل میسی کی قیادت میں تیسری بار یہ اعزاز حاصل کیا۔
یوراگوئے نے ورلڈ کپ کے ابتدائی دور میں دو مرتبہ کامیابی حاصل کی۔ اس نے 1930 میں پہلے ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتا اور پھر 1950 میں دوسری بار عالمی چیمپئن بنا۔
فرانس بھی فٹبال کی بڑی طاقتوں میں شامل ہے۔ فرانس نے 1998 اور 2018 میں ورلڈ کپ ٹرافی اپنے نام کی، جبکہ انگلینڈ اور اسپین ایک، ایک مرتبہ عالمی چیمپئن بننے میں کامیاب ہوئے۔ انگلینڈ نے 1966 میں پہلی اور واحد بار ورلڈ کپ جیتا، جبکہ اسپین نے 2010 میں تاریخ رقم کی۔
2026 کے فائنل میں ارجنٹائن اور اسپین کی ٹیمیں ایک بار پھر عالمی فٹبال کے سب سے بڑے اعزاز کے لیے آمنے سامنے ہوں گی، جہاں دونوں ٹیموں کے پاس اپنی تاریخ میں ایک اور یادگار باب شامل کرنے کا موقع ہوگا۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ اس بار ارجنٹائن چوتھی بار ٹرافی اٹھا کر جرمنی اور اٹلی کے برابر پہنچتا ہے یا اسپین دوسری بار فٹ بال کا بادشاہ بنتا ہے۔
شائقینِ فٹبال کے لیے یہ سوال بھی انتہائی اہم ہے کہ کیا لیونل میسی اپنے شاندار کیریئر کا اختتام ایک اور عالمی ٹائٹل کے ساتھ کریں گے یا پھر اسپین 16 برس بعد دنیا کی بہترین ٹیم بننے کا خواب پورا کرے گی۔
















