پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز بحال

اتوار کے روز دنیا بھر میں صارفین نے فیس بک سروسز کے استعمال میں مشکلات کی شکایت کی تھی
شائع 19 جولائ 2026 05:12pm

پاکستان سمیت دنیا بھر میں معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’فیس بک‘ کی سروس ڈاؤن ہونے کے بعد بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔ سروس ڈاؤن ہونے سے دنیا بھر میں لاکھوں صارفین متاثر ہوئے تھے۔

انٹرنیٹ پلیٹ فارمز کی سروسز میں خلل کو مانیٹر کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر نے اتوار کے روز دنیا بھر میں صارفین کو فیس بک کے استعمال میں مشکلات کی نشاندہی کی تھی۔ تاہم ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق اب شکایات کی تعداد بالکل ختم ہو چکی ہے اور ٹریفک معمول پر آ گئی ہے۔

ڈاؤن ڈیٹیکٹر نے اس حوالے سے ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ دنیا بھر میں صارفین نے فیس بک میں مسائل کی نشاندہی رپورٹ کی ہے۔

ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق اتوار کے روز فیس بک کے مسائل کی شکایات میں اچانک اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق صبح تقریباً 10 بج کر 39 منٹ پر شکایات کی تعداد صرف چند لمحوں میں 5 سے بڑھ کر 3 ہزار 555 تک پہنچ گئی۔

رپورٹس کے مطابق فیس بک کا ڈیسک ٹاپ ورژن بھی کئی صارفین کے لیے دستیاب نہیں تھا۔ بعض افراد کو اکاؤنٹ کھولنے کی کوشش پر پیغام موصول ہوا کہ “آپ کا اکاؤنٹ عارضی طور پر دستیاب نہیں ہے، سائٹ کے مسئلے کی وجہ سے آپ کا اکاؤنٹ فی الحال بند ہے، امید ہے کہ یہ مسئلہ جلد حل ہوجائے گا، چند منٹ بعد دوبارہ کوشش کریں۔

تاہم کمپنی کی جانب سے اس خرابی کی فوری طور پر کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔ فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے بھی آؤٹیج کی وجہ یا اسے ٹھیک کرنے کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا تھا۔

دنیا بھر میں کروڑوں افراد فیس بک کو رابطوں، کاروباری سرگرمیوں اور معلومات کے تبادلے کے لیے استعمال کرتے ہیں، اس لیے کسی بھی بڑے تکنیکی مسئلے کی صورت میں بڑی تعداد میں صارفین متاثر ہوتے ہیں۔

ایک صارف اس حوالے سے ایکس پر لکھا کہ، فیس بک کو اس وقت بیک اینڈ ڈیٹا بیس کے مقامی نوعیت کے مسائل کا سامنا ہے۔

صارفین کو ”اکاؤنٹ عارضی طور پر دستیاب نہیں“ کا پیغام دکھائی دے رہا ہے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ فیس بک اب بھی بند ہے! لاکھوں صارفین کو اب بھی فیس بک استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ لاگ اِن، نیوز فیڈ اور پوسٹس کے فیچرز درست طریقے سے کام نہیں کر رہے۔ کیا آپ کا فیس بک بھی ابھی تک کام نہیں کر رہا؟