رجب بٹ کی اہلیہ ایمان سے صلح کی خبروں کی تردید، طلاق کے فیصلے پر قائم رہنے کا اعلان
معروف پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ اور ان کی اہلیہ ایمان فاطمہ کے درمیان جاری تنازع ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا ہے۔ دونوں کی علیحدگی اور ممکنہ طلاق کے معاملے پر سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں جاری تھیں، تاہم اب رجب بٹ نے صلح کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے اپنا مؤقف سامنے رکھ دیا ہے۔
رجب بٹ اور ایمان فاطمہ، جو ایک بیٹے کی والدین ہیں، گزشتہ کچھ عرصے سے ازدواجی اختلافات کے باعث خبروں میں ہیں۔ معاملہ اس وقت زیادہ نمایاں ہوا جب رجب بٹ کی جانب سے ایمان فاطمہ کو طلاق کا نوٹس بھیجے جانے کی خبریں سامنے آئیں، جسے ایمان نے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا تھا۔
بعد ازاں ایمان کے بھائی عون شیخ نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا تھا کہ دونوں خاندانوں کے درمیان معاملات بہتر ہو گئے ہیں اور رجب بٹ اور ایمان فاطمہ کے درمیان صلح ہو گئی ہے۔
عون شیخ کے مطابق انہوں نے یہ فیصلہ اپنی والدہ کے مشورے اور اپنی بہن اور بھانجے کی بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا۔
تاہم رجب بٹ نے ان دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اور ایمان کے درمیان جو کچھ ہوا، اسے اب آسانی سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اہلیہ اور سالے کو اب کسی نئے انسان کی تلاش کرنی چاہیے جسے وہ استعمال کر سکیں۔ رجب بٹ نے اپنے موقف کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ قانونی کارروائی مکمل ہونے میں وقت لگتا ہے اور وہ طلاق کے فیصلے پر قائم ہیں۔
رجب بٹ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بیٹے کی مالی ذمہ داریاں پوری کرتے رہیں گے کیونکہ یہ ان کا فرض ہے، لیکن انہوں نے ایمان اور ان کے بھائی عون شیخ پر صلح کے حوالے سے غلط معلومات دینے کا الزام لگایا۔
رجب بٹ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ کچھ لوگوں نے سوال اٹھایا کہ اگر صلح نہیں ہوئی تو پھر مفاہمت کی خبریں کیوں سامنے آئیں، جبکہ کچھ صارفین نے دونوں فریقین کو معاملہ ذاتی طور پر حل کرنے کا مشورہ دیا۔















