بھارتی ریپر بادشاہ کی طلاق کی خبریں، اہلیہ جذباتی ہوگئیں

بادشاہ نے اس سے قبل جیسمین مسیح نامی خاتون کے ساتھ شادی کی تھی۔
شائع 28 جولائ 2026 09:49am

بھارتی ریپر اور گلوکار بادشاہ اور ان کی اہلیہ اداکارہ ایشا ریکھی کے درمیان علیحدگی کی افواہیں ایک بار پھر زور پکڑ گئی ہیں۔ ان افواہوں کے درمیان ایشا ریکھی نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی اور پراسرار پیغام شیئر کیا ہے، جو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور صارفین اسے ان کی ذاتی زندگی سے جوڑ رہے ہیں۔

ایشا ریکھی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک نوٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا، ”کچھ لڑائیاں ایسی ہوتی ہیں جو جسم پر کوئی نشان نہیں چھوڑتیں۔ میں ایک طویل عرصے تک خاموش رہی کیونکہ میں خوفزدہ تھی۔ مجھے محسوس ہوتا تھا کہ میرے شوہر کے پاس بہت اثر و رسوخ، طاقت اور وسائل ہیں اور میں نے خود کو یہ یقین دلا لیا تھا کہ خاموش رہنا ہی میرے لیے سب سے محفوظ راستہ ہے۔“

انہوں نے مزید کہا، ”میری خاموشی کو کبھی بھی رضامندی نہ سمجھا جائے۔ خاموشی قبولیت نہیں تھی بلکہ زندہ رہنے کی ایک کوشش تھی۔ آج میں خوف کے بجائے ہمت کا انتخاب کر رہی ہوں۔ شاید میں ابھی پوری کہانی سنانے کے لیے تیار نہیں، لیکن اب میں یہ دکھاوا کرنے کے لیے بھی تیار نہیں کہ سب کچھ ٹھیک تھا۔“

۔

اگرچہ ایشا ریکھی نے اپنے پیغام میں کسی واقعے یا شخص کا براہِ راست نام نہیں لیا، تاہم ان کے الفاظ نے مداحوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ شاید ان کے اور بادشاہ کے تعلقات میں مسائل پیدا ہو چکے ہیں۔

چند روز قبل بھی ایشا ریکھی نے اپنی اور بادشاہ کی تصاویر اور ویڈیوز پر مشتمل ایک پوسٹ شیئر کی تھی، جس کے ساتھ انہوں نے لکھا تھا، ”ہر طوفان ایک سبق ہوتا ہے اور ہر دعا ایک امید۔“ اس پیغام کے ساتھ دل ٹوٹنے اور دعا کے ایموجیز بھی شامل تھے، جس کے بعد مداحوں نے ان کی ازدواجی زندگی کے بارے میں سوالات اٹھانے شروع کر دیے تھے۔

یاد رہے کہ بادشاہ اور ایشا ریکھی کی شادی کی خبریں پہلی بار رواں سال مارچ میں منظر عام پر آئی تھیں، جب ایشا کی والدہ پونم ریکھی نے انسٹاگرام پر چند تصاویر شیئر کیں، جنہیں مداحوں نے ان کی شادی کی تصاویر قرار دیا۔

رپورٹس کے مطابق دونوں کی پہلی ملاقات ایک مشترکہ دوست کی تقریب میں ہوئی تھی، جہاں دوستی کا آغاز ہوا اور بعد ازاں یہ تعلق محبت میں بدل گیا۔

بادشاہ اس سے قبل جیسمین مسیح کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ دونوں نے 2012 میں شادی کی تھی اور 2020 میں ان کی طلاق ہو گئی تھی۔ ان کی ایک بیٹی جیسمی گریس مسیح سنگھ بھی ہے، جس کی پرورش دونوں مل کر کر رہے ہیں۔

اب تک بادشاہ کی جانب سے ایشا ریکھی کے حالیہ بیان پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ دوسری جانب، سوشل میڈیا صارفین اور مداح اس معاملے پر مزید وضاحت کا انتظار کر رہے ہیں۔ تاہم، تاحال نہ تو علیحدگی کی باضابطہ تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی اس کی تردید، جس کے باعث یہ معاملہ محض افواہوں اور قیاس آرائیوں تک محدود ہے۔