یونان: آگ بجھانے والے دو ہیلی کاپٹرز آپس میں ٹکرا گئے، 2 افراد ہلاک

دونوں ہیلی کاپٹر آسٹریلوی کمپنی میک ڈرموٹ ایوی ایشن سے کرائے پر حاصل کیے گئے تھے: یونانی فائر سروس
شائع 03 اگست 2026 09:12am

یونان میں جنگلات میں لگی آگ بُجھانے کے دوران دو فائر فائٹنگ ہیلی کاپٹر فضا میں آپس میں ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں ڈنمارک کا ایک پائلٹ اور یونانی فائر سروس کے رابطہ افسر ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک برطانوی پائلٹ اور ایک یونانی رابطہ افسر معمولی زخمی ہونے کے باوجود محفوظ رہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق یہ حادثہ یونان کے دارالحکومت ایتھنز سے تقریباً 65 کلومیٹر مغرب میں اس وقت پیش آیا جب دونوں ہیلی کاپٹر اٹیکا اور بوئوٹیا کی سرحد پر لگی بڑی جنگلاتی آگ پر قابو پانے کی کارروائی میں مصروف تھے۔

حادثے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ہیلی کاپٹر دوسرے ہیلی کاپٹر کے پروں (روٹر) سے ٹکرایا، جس کے بعد ایک ہیلی کاپٹر میں آگ بھڑک اٹھی اور وہ گہری کھائی میں جا گرا، جبکہ دوسرا ہیلی کاپٹر ہنگامی لینڈنگ کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

یونانی فائر سروس کے مطابق دونوں ہیلی کاپٹر آسٹریلوی کمپنی میک ڈرموٹ ایوی ایشن سے کرائے پر حاصل کیے گئے تھے۔

ایک ہیلی کاپٹر میں سوار عملے کو زندہ بچا لیا گیا، جبکہ دوسرے ہیلی کاپٹر میں موجود دونوں افراد بے ہوش حالت میں ملے اور بعد ازاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

یونان کے وزیر اعظم کیریاکوس میتسوتاکس نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونانی رابطہ افسر اور ڈنمارک کے پائلٹ کی جان کا ضیاع ہم سب کو غمزدہ کر گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

بی بی سی کے مطابق یونان کی وزارت شہری تحفظ کے ایک ذرائع نے بتایا کہ احتیاطی اقدام کے طور پر ملک بھر میں تمام بیل ہیلی کاپٹروں کی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دوسرے ہیلی کاپٹر میں موجود برطانوی پائلٹ اور یونانی فائر سروس کے رابطہ افسر معمولی زخمی ہوئے۔ دونوں حادثے کے بعد ہوش میں تھے اور انہیں طبی معائنے اور احتیاطی نگرانی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں 24 گھنٹے زیرِ نگرانی رکھا جائے گا۔

حکام نے بتایا کہ زخمی برطانوی پائلٹ نجی شعبے سے تعلق رکھتا ہے اور جنگلاتی آگ کے موسم کے لیے خدمات انجام دینے کی غرض سے یونان میں تعینات کیا گیا تھا۔ وہ برطانیہ اور یونان کے درمیان کسی سرکاری تبادلے یا امدادی مشن کا حصہ نہیں تھا۔

یونانی اخبار کی رپورٹ کے مطابق حادثے میں محفوظ رہنے والے دونوں افراد نے فوری طور پر حکام کو تصادم کی اطلاع دی تھی، جس کی مدد سے امدادی ٹیمیں جلد حادثے کی جگہ تک پہنچ گئیں۔ حادثے میں شامل چاروں افراد کے نام تاحال جاری نہیں کیے گئے۔

میک ڈرموٹ ایوی ایشن کے بانی اور صدر جان میک ڈرموٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ اس افسوسناک حادثے سے متاثر ہونے والے افراد کے اہل خانہ، دوستوں اور ساتھیوں کے ساتھ ہماری گہری ہمدردیاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم متعلقہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے تک ہر ممکن مدد فراہم کرتے رہیں گے۔

ادھر یونان میں جنگلاتی آگ بجھانے کا کام بدستور جاری ہے۔ ایرکسن ایئر کرین، چنوک ہیلی کاپٹرز اور کینیڈائر واٹر بمبار طیارے مختلف علاقوں میں آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران پورٹو جیرمینو، پساتا، فوکیدا، میگارا اور کیفالونیا سمیت کئی علاقوں میں 500 سے زائد فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔