آزاد کشمیر انتخابات کا دوسرا مرحلہ: مسلم لیگ (ن) 5 اور پیپلز پارٹی 2 نشستوں پر کامیاب

آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 20 نشستوں پر الیکشن کا انعقاد، ایک حلقے میں پولنگ ملتوی ہوگئی۔
اپ ڈیٹ 02 اگست 2026 11:59pm

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے 8 اور کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ ختم ہونے کے بعد غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) 5 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوگئی جب کہ پیپلزپارٹی 2 سیٹیں نکالنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اتوار کے روز مجموعی طور پر 21 نشستوں پر پولنگ شیڈول تھی جس میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور کشمیری مہاجرین کی 12 نشستیں شامل تھیں تاہم اتوار کی صبح الیکشن کمیشن نے مظفرآباد کے حلقہ ’ایل اے 27‘ میں پولنگ 4 اگست تک ملتوی کردی۔

مظفر آباد ڈویژن کی 8 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک اپنے مقررہ وقت تک جاری رہی تاہم الیکشن کمیشن نے پولنگ کے وقت میں مزید ایک گھنٹے کا اضافہ کرکے شام 6 بجے تک بڑھا دیا جب کہ مہاجرین کی 12 نشستوں کے لیے پولنگ کا وقت 5 بجے ختم کردیا گیا جب کہ آزاد جموں و کشمیر کے مہاجرین کی نشستوں پر پاکستان کے چاروں صوبوں اور وفاقی دارالحکومت میں مقیم آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں نے ووٹ کاسٹ کیے۔

آزاد کشمیر کے دوسرے مرحلے کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کا پلڑا بھاری ہے، آج نیوز کو موصول ہونے والے اب تک کے تازہ ترین غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مجموعی طور پر مسلم ليگ (ن) 5 نشستیں جیتنے میں کامیاب گئی جب کہ پیپلزپارٹی 2 حلقوں سے کامیاب ہوئی ہے۔

مسلم لیگ ن کو دیگر 8 نشستوں ایل اے 25، 26، 34، 35، 36، 37، 38 اور 39 پر برتری حاصل ہے جب کہ پیپلزپارٹی ایل اے 32 اور ایل اے 33 میں آگے ہیں۔

مہاجرین کی نشستوں کے غیر حتمی نتائج

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے مہاجرین کی 12 میں سے 6 نشستوں کے نتائج کا اعلان کردیا ہے، 5 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب ہوگئے جب کہ پیپلزپارٹی ایک نشست پر کامیاب ہوئی ہے۔

مکمل نتائج

ایل اے 41 کشمیر ویلی 2

حلقہ ایل اے 41 کشمیر ویلی 2 کے تمام 19 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ سامنے آگیا، جس کے مطابق مسلم ليگ (ن) کے محمد عامر شاہ 1804 ووٹ لے کر جیت گئے جب کہ آزاد امیدوار صبا دیوان 1523 ووٹ لے کر ہار گئے ہیں۔

ایل اے 42 کشمیر ویلی 3

حلقہ ایل اے 42 کشمیر ویلی 3 کے تمام 43 پولنگ اسٹیشنز میں سے 13 کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق مسلم ليگ (ن) کے سید شوکت علی شاہ نے 1524 ووٹ کے ساتھ بازی مار لی جب کہ پیپلز پارٹی کے محمد عاصم شریف 682 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

ایل اے 43 کشمیر ویلی 4

حلقہ ایل اے 43 کشمیر ویلی 4 کے تمام 10 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ موصول ہوگیا ہے، جس کے مطابق مسلم ليگ (ن) کے محمد یاسین لون 1276 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔ اس نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی کے جاوید بٹ 663 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

ایل اے 44 کشمیر ویلی 5

حلقہ ایل اے 44 کشمیر ویلی 5 کے تمام 27 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا، جس کے مطابق مسلم ليگ (ن) کے محمد احمد رضا قادری 1700 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جب کہ آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کی مہرالنسا 650 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔

ایل اے 45 کشمیر ویلی 6

حلقہ ایل اے 45 کشمیر ویلی 6 کے تمام 41 پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی عبدالماجد خان 3448 ووٹ لے کر کامیاب وئے جب کہ آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے خواجہ محمد دلاور 823 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

ووٹوں کی گنتی جاری

ایل اے 34 جموں 1: ن لیگ کے امیدوار ناصر حسین ڈار کو برتری حاصل

ایل اے 36 جموں 3: ن لیگ کے امیدوار احسن رضا کو برتری حاصل

ایل اے 37 جموں 4: ن لیگ کی امیدوار مریم جاوید کو برتری حاصل

ایل اے 38 جموں 5: ن لیگ کے امیدوار ذیشان یونس ٹانڈہ کو برتری حاصل

ایل اے 39 جموں 6: ن لیگ کے امیدوار راجہ محمد صدیق کو برتری حاصل

ایل اے 40 ویلی 1: پیپلزپارٹی کے امیدوار عامر عبد الغفار کو برتری حاصل

مظفرآباد ڈویژن کی نشستوں کے غیر حتمی نتائج

آج نیوز کو مظفرآباد ڈویژن کی نشستوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں اب تک ایک نشست پیپلز پارٹی جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

ایل اے 29 مظفرآباد 3

حلقہ ایل اے 29 مظفرآباد 3 کے تمام 138 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی وغیر سرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں، جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے سردار مختار عباسی 19792 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جب کہ مسلم ليگ (ن) کے افتخار علی گیلانی 16413 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

ایل اے 30 مظفرآباد 4

حلقہ ایل اے 30 مظفرآباد 4 کے تمام 129 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری و غیرحتمی نتیجہ آگیا ہے، جس کے مطابق مسلم ليگ (ن) کے ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر نے 18082 ووٹوں کے ساتھ میدان مار لیا جب کہ پیپلز پارٹی کے مبشر منیر اعوان 11464 ووٹ لے کر پیچھے رہے۔

ایل اے 25 نیلم 1: ن لیگ کے امیدوار شاہ غلام قادر کو برتری حاصل

ایل اے 26 نیلم ویلی 2: ن لیگ کے امیدوار شاہ غلام قادر کو برتری حاصل

ایل اے 27 مظفرآباد 1: (پولنگ 4 اگست تک ملتوی)

ایل اے 28 مظفرآباد 2: (57 پولنگ اسٹیشنوں میں پولنگ 4 اگست ملتوی)

ایل اے 31 مظفرآباد 5: (نتائج اپڈیٹ کیے جارہے ہیں)

ایل اے 32 جہلم ویلی 6: پیپلزپارٹی کے امیدوار صاحبزادہ اشفاق ظفر کو برتری حاصل

ایل اے 33 جہلم ویلی 7: پیپلزپارٹی کے امیدوار دیوان علی چغتائی کو برتری حاصل

واضح رہے کہ یہ غیر حتمی نتائج ہیں جو نتائج موصول ہوتے ہی وقت کے ساتھ ساتھ اپڈیٹ کیے جا رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ ’ایل اے 27‘ میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متعدد سڑکیں بند تھیں جس کے نتیجے میں انتخابی عملہ اور انتخابی سامان بروقت نہ پہنچ سکا، اس حلقے میں پولنگ اب 4 اگست کو ہوگی۔

آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات تین مراحل میں ہو رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں انتخابات ہوئے تھے، دوسرا مرحلہ آج منعقد ہوا تھا جب کہ 10 اگست کو تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن میں الیکشن شیڈول ہیں۔

اتوار کے روز الیکشن کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 8 نشستوں اور 12 مہاجرین کی نشستوں پر مجموعی طور پر 300 سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔ مہاجر نشستوں میں 7 پنجاب جب کہ باقی نشستیں خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں تقسیم ہیں۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں مجموعی طور پر 8لاکھ 95 ہزار 66 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، جن میں 4 لاکھ 27 ہزار 400 مرد جب کہ 3لاکھ 82 ہزار 167 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر مجموعی ووٹرز کی تعداد 4لاکھ 38 ہزار 834 ہے، جن میں 2 لاکھ 47 ہزار 776 مرد اور ایک لاکھ 91 ہزار 54 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں 1 ہزار 483 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 533 کو انتہائی حساس، 741 کو حساس اور 209 کو عام قرار دیے گیا تھا جب کہ 12 مہاجر نشستوں کے لیے ملک بھر میں 1 ہزار 57 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے۔

انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے مختلف حلقوں میں مسلم لیگ ن پر انتخابی بے ضابطگیوں، تشدد اور دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) دوسرے مرحلے کے انتخابات میں بھی عوام کا مینڈیٹ چھیننے کی کوشش کر رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے صدر اور حلقہ ایل اے 31 کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر پر حملہ کیا گیا، جب کہ اسی حلقے میں پارٹی کارکن مشتاق شاہ جاں بحق ہوئے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن پر دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ زور زبردستی سے آزاد کشمیر کے عوام کے ووٹ پر ڈاکا ماررہی ہے۔

پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے ایک خط میں پارٹی امیدوار چوہدری لطیف اکبر پر حملے کے واقعے کی تحقیقات اور سیکیورٹی انتظامات میں مبینہ غفلت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پارٹی نے فوری کارروائی کے لیے دھاندلی سے متعلق شکایات الیکشن کمیشن کو جمع کرائی ہیں تاہم پارٹی کو اب تک کسی شکایت پر باضابطہ جواب موصول نہیں ہوا ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو تحریری جواب میں دھاندلی سے متعلق الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر امیر مقام نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے تعینات ہیں۔ سیاسی جماعتوں کو الزام تراشی سے گریز کرنا چاہیے کیوں کہ ہار جیت کا فیصلہ عوام کے ووٹ سے ہوتا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، پیپلز پارٹی اپنی ہی انتظامیہ پر دھاندلی کے الزامات لگا رہی ہے۔

پی پی کارکن کی ہلاکت کے حوالے سے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بلاول کو معلوم ہے کہ دو گروپوں کے درمیان ہاتھاپائی کے دوران بزرگ شہری کاہارٹ فیل ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرپور ڈویژن نے ن لیگ کو کارکردگی پرووٹ دیا تھا، مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین کی نشستوں پر بھی ن لیگ کامیاب ہوگی۔