تنازعات کے پرامن حل سے علاقائی تعاون کو فروع ملےگا،سرتاج عزیز

اپ ڈیٹ 04 دسمبر 2016 11:09am
فائل فوٹو فائل فوٹو

امرتسر:مشیر خارجہ  سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ تنازعات کے پرامن حل سے علاقائی تعاون کو فروغ ملے گا۔

پاکستان نے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کرکے اپنے پرامن مؤقف کی تصدیق کردی۔

توقع کے مطابق کانفرنس میں نریندر مودی اور افغان صدر حامد کرزئی نے ہرزہ سرائی کی،تاہم پاکستان نے ان الزامات پر تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت اور افغانستان کی تعریف کی۔

کانفرنس سے خطاب میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان کا امن عزیز ہے اور اس امن کیلئے ہمیں ایک دوسرے پر الزام تراشی کے بجائے مثبت اقدامات پر توجہ دینی چاہئے۔

انہوں نے واضح کیا سرحد پر کشیدگی کی باوجود انکی شرکت اس بات کی تصدیق ہے کہ پاکستان ناصرف افغانستان بلکہ خطے میں امن کا خواہاں ہے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی کی قیادت میں افغان فورسز کا دہشت گردوں کیخلاف ڈٹ کر کھڑے ہونا قابل ستائش ہے،پاکستان کی حکومت اور عوام افغان بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کا حزب اسلامی کے ساتھ معاہدہ مستقبل میں مذاکرات کیلئے ایک ماڈل کا کردار ادا کرے گا۔

مشیر خارجہ نے خطے کے ممالک پر واضح کیا کہ آپس کے تنازعات کے پرامن حل سے ہی علاقائی تعاون کو فروغ ملے گا۔