فٹبال ورلڈ کپ کا میلہ آج سجے گا، کئی نئے اور پرانے چہرے مرکزِ نگاہ
دنیا بھر کے فٹبال شائقین کا انتظار ختم ہونے کو ہے، فٹبال ورلڈکپ کا رنگا رنگ میلہ آج سے سجنے جا رہا ہے۔ عالمی مقابلے میں جہاں مختلف ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی، وہیں شائقین کی نظریں ایک بار پھر ارجنٹائن کے لیونل میسی اور پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو پر جمی ہوں گی، جو اپنی شاندار صلاحیتوں سے ایک بار پھر دنیا کو مسحور کرنے کے لیے تیار ہیں۔
فٹبال ورلڈکپ کے آغاز کے ساتھ ہی دنیا بھر میں جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا ہے۔ اس بار بھی عالمی ایونٹ میں کئی بڑے نام توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، تاہم سب سے زیادہ چرچا ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی اور پرتگال کے اسٹار فاروڈ کرسٹیانو رونالڈو کا ہے۔
لیونل میسی اپنے کیریئر کا ریکارڈ چھٹا ورلڈکپ کھیلنے جا رہے ہیں۔ شائقین کو امید ہے کہ ارجنٹائن کے سپر اسٹار ایک بار پھر اپنی ٹیم کو کامیابیوں سے ہمکنار کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
دوسری جانب کرسٹیانو رونالڈو بھی پرتگال کے لیے میدان میں اترنے کو تیار ہیں۔ عالمی فٹبال کے اس عظیم کھلاڑی سے پرتگالی شائقین کو بڑی توقعات وابستہ ہیں اور وہ اپنی ٹیم کو ٹائٹل کی دوڑ میں آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
برازیل کی امیدوں کا مرکز وینیشیئس جونیئر ہوں گے، جن سے شاندار کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔ فرانس کو اپنے اسٹار فارورڈ کائلین ایمباپے پر بھروسہ ہے، جو اپنی برق رفتار کھیل اور گول اسکورنگ صلاحیت کے باعث حریف دفاع کے لیے بڑا خطرہ سمجھے جاتے ہیں۔
انگلینڈ کی نظریں تجربہ کار اسٹرائیکر ہیری کین پر جمی ہوں گی، جبکہ اسپین نوجوان سنسنی لامین یامال سے غیر معمولی کارکردگی کا منتظر ہے۔
اس کے علاوہ فرانس کے عثمان دمبیلے، ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ اور مراکش کے اشرف حکیمی بھی ورلڈکپ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لیے تیار ہیں۔
دنیا کے مختلف ممالک کی ٹیموں کے پاس ایک سے بڑھ کر ایک اسٹار موجود ہے، جس کے باعث شائقین کو سنسنی خیز اور یادگار مقابلوں کی توقع ہے۔ فٹبال کے اس سب سے بڑے میلے میں اب دیکھنا یہ ہے کہ کون سی ٹیم عالمی تاج اپنے سر سجاتی ہے اور کون سا ستارہ سب سے زیادہ چمکتا ہے۔














