افسوس کہ ہم نے سلامتی والے دین کو خوف کی علامت بنا دیا،وزیراعظم

شائع 12 دسمبر 2016 09:25am
فائل فوٹو فائل فوٹو

لاہور:وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اسلام امن اور سلامتی کا درس دیتا ہے مگر افسوس کہ ہم نے سلامتی والے دین کو خوف کی علامت بنا دیا ۔

لاہور میں منگل کو عالمی سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی میں اسلام کے نام پر فساد پھیلایا گیا،حکومت کی 3سال کی کوششوں سے بڑی حد تک فساد کا دروازہ بند ہوگیا ہے،نبی اکرم تمام جہانوں کیلئے رحمت بن کر آئے،امن اور سلامتی کا پیغام دیا۔

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ اللہ نےرسول کی تشریف آوری کوانسانوں پراحسان قراردیا،حضرت محمد کی بعثت پر نبوت کا سلسلہ ختم ہوا،رسول اللہ نے امت کو حق کی شہادت دی،آپ کے آنے سے دین کی تکمیل ہوئی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک پیغمبر کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہی کامیابی ہے،مسلمان ہونے کے ناطے ہمیں رسول اللہ کی تعلیمات پرعمل کرناچاہئے۔

ان کا مزیدکہنا تھا کہ علماء اور سکالرز ریاست اور معاشرے کی رہنمائی کریں۔