وزیر داخلہ چوہدری نثار کا بھارتی ہم منصب کو دو ٹوک جواب

شائع 12 دسمبر 2016 04:43pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی نے پاکستان کو تقسیم کرنے سے متعلق بھارتی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ کی دھمکی کو دیوانے کا خواب قرار دے دیا۔

چوہدری نثار نے بیان میں کہا کہ بی جے پی کی موجودگی میں کسی اور کو ہندوستان کو مذہبی بنیاد پر تقسیم کرنے کی کوشش کی ضرورت نہیں ۔بی جے پی کا منشور اور اس کی حکومت کی بنیاد ہی مذہبی جنونیت، تفریق، منافرت اور تشدد پر مبنی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی والے دیکھیں کہ کشمیریوں اور مسلمانوں کے خون سے کس طرح ہولی کھیلی جاتی رہی۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت پاکستان پر نکتہ چینی کی بجائے اپنی ان تنظیموں پر توجہ دےجو آج بھی اقلیتوں کی نسل کشی کواپنا ایجنڈا سمجھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت بلوچستان اور پاکستان کے دیگر حصوں میں مداخلت کر رہا ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں۔کل بھوشن یادیو اور دیگر بھارتی ایجینٹوں کی گرفتاری اس کا واضح ثبوت ہیں ۔

وزیرِداخلہ نے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن بھارتی حکومت کی پر تشدد پالیسیاں کسی صورت قبول نہیں کرے گا۔