امریکی صدر کے مواخذے کی منظوری، ووٹنگ آج ہوگی
فائل فوٹوواشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے سے متعلق 2الزامات کی منظوری کے لیے ایوان نمائندگان میں ووٹنگ آج ہوگی۔ ڈیموکریٹس نے ان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے اپنی دستاویز اور آرٹیکل پیش کرنے کا آغاز کردیا ہے۔
اگر رائے شماری میں ووٹ ٹرمپ کے خلاف آتے ہیں یا ان کے خلاف آرٹیکل منظور ہوجاتے ہیں تو صدر ٹرمپ مواخذے کی گرفت میں آنے والے تاریخ کے تیسرے امریکی صدر ہوں گے۔
امریکی ایوان نمائندگان میں اس وقت تقاریر کا سلسلہ جاری ہے ۔ اسپیکر نینسی پلوسی کا کہنا ہے کہ ٹرمپ نے اُن کے سامنے کوئی راستہ نہیں چھوڑا ، سوائے اِس کے کہ اُن کا مواخذہ کیا جائے ۔
اس سے قبل مواخذے کے ایک دور میں یوکرین میں امریکی سینیئر سفیر اور نائب وزیرِ خارجہ برائے یورپ سے بھی کئی سوالات کئے گئے تھے، جس کے بعد اسپیکر نینسی پیلوسی نے بھی عندیہ دیا تھا کہ صدر ٹرمپ کے خلاف نکات اور ثبوت بہت واضح ہے جس پر ان کے مواخذے کی تحریک چلائی جاسکتی ہے۔
امریکی صدر نے کارروائی کے آغاز پر ٹوئٹ کیا اور مواخذے کی کارروائی کو امریکا اور ریپبلکنز پر حملہ قرار دے دیا۔
SUCH ATROCIOUS LIES BY THE RADICAL LEFT, DO NOTHING DEMOCRATS. THIS IS AN ASSAULT ON AMERICA, AND AN ASSAULT ON THE REPUBLICAN PARTY!!!!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) December 18, 2019
واضح رہے کہ اس بحث کا مرکزی نکتہ صدر ٹرمپ کی وہ کال ہے جس میں انہوں نے یوکرین کے صدر پر دباؤ ڈالا کہ وہ اپنے سیاسی حریف جو بائڈن اور ان کے بیٹے پر کرپشن کی تحقیقات کرے، حالانکہ جو بائڈن اور ان کے بیٹے ان الزامات بری الذمہ ہوچکے ہیں، دوسرے اقدام میں صدر ٹرمپ نے یوکرین کی 391 ملین ڈالر کی اس عسکری امداد کو روک دیا جس کی منظوری کانگریس دے چکی تھی تاہم اسے بعد میں جاری کردیا گیا۔
ان دونوں اقدامات کو سیاسی مخالفین نے ٹرمپ کے اختیارات سے تجاوز اور ناجائز حربوں میں شمار کرتے ہوئے ان کے خلاف مواخذے کی کارروائی کی اپیل کی ہے۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔