الیکشن کمیشن ارکان کی تعیناتی پر حکومت کو مزید 10روز کی مہلت
فائل فوٹواسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن ارکان کی تعیناتی پر حکومت کو مزید 10روز کی مہلت دے دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کے 2ارکان کی تعیناتی کیس کی سماعت شروع ہوئی تو قومی اسمبلی کے لیگل ایڈوائزر نے بتایا کہ دو ممبران پر تقربیا اتفاق ہو چکا، چیف الیکشن کمشنر کا نام واپس لے لیا گیا، اب حکومت اپوزیشن نئے نام دیں گی۔
ن لیگ کے وکیل جہانگیر جدون نے بتایا کہ ہم کوشش کر رہیں ہیں آرمی چیف کی توسیع کے معاملے پر بھی اتفاق سے چلیں ہیں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ پارلیمنٹ کی بے توقیری نہیں ہوئی،پارلیمنٹ سپریم ہے، پارلیمان مضبوط ہوگی تو پاکستان مضبوط ہوگا۔
جسٹس اطہرمن اللہ نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کا تقدس اور آئین کی سربلندی ضروری ہے، ارکان پارلیمنٹ جن لوگوں کی نمائندگی کرتے ہیں ان کو آپ سے بہت توقعات ہیں،معاملہ عدالت آنے سے پارلیمنٹرینز کو منتخب کرنے والے عوام کی بے توقیری ہوتی ہے،محسن شاہ نواز رانجھا سمیت لیگی رہنماؤں نے الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کو چیلنج کر رکھا ہے۔
عدالت نے الیکشن کمیشن ارکان کی تعیناتی پر حکومت کو مزید 10روز کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔