مولانافضل الرحمان کا کراچی اور اسلام آباد میں جلسوں کا اعلان
فائل فوٹولاہور:جمعیت علماء اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کراچی اور اسلام آباد میں جلسوں کا اعلان کردیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگوکے دوران جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کراچی اور اسلام آباد میں جلسوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 23فروری کوکراچی میں بڑاجلسہ عام ہوگا،یکم مارچ کو اسلام آباد میں قومی کنونشن ہوگا۔
مولانافضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن اپنا کردار ادا کررہی ہے،حکومت کے خلاف تحریک کوآگے بڑھائیں گے،ملک میں حکومت نام کی کوئی چیزنہیں،حکومت کی رٹ ختم ہوچکی ہے، پہلے روزجومؤقف تھا آج بھی اس پر قائم ہوں،اگر کوئی بیمار ہے تو اسے بیرون ملک جانے دینا چاہیے۔
سربراہ جے یو آئی ف نے مزید کہا کہ بڑی سیاسی جماعتوں کے پارلیمنٹ میں فیصلوں سے آزادی مارچ کو نقصان پہنچا،ہماری تحریک کی وجہ سےحکومت میں دراڑیں پیدا ہوگئی ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ناکام حکومت کی وجہ سے ملک بحران کا شکار ہے، حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، بجلی، گیس اور پٹرول سمیت ہر چیز کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، عام آدمی بجلی کے بلوں اور مہنگائی کی چکی میں پس چکا ہے، ہماری کوشش ہے کہ عوام کو متحد کرکے مایوسی کو امید میں تبدیل کیا جائے،عوام کے شانہ بشانہ لائق اور قابل حکومت کے قیام کے لیے جدوجہد کریں گے۔
سربراہ جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ چوہدری برادران ٹھیک کہتے ہیں کہ ان کی بات نہیں سنی جارہی ،ان کے حکومت سے اختلافات نظر آرہے ہیں، میں چوہدری برادران سے کہتا ہوں کہ ان کے پاس میرے حوالے سے جوامانت ہے وہ اسے منظر عام پر لے آئیں۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔