جے وی اوپل کیس:نیب نے بلاول بھٹو کو 13 فروری کو طلب کرلیا

اپ ڈیٹ 10 فروری 2020 10:31am
فائل فوٹو

اسلام آباد:قومی احتساب بیورو(نیب )نے جے وی اوپل کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کوطلب کرلیا۔

نیب راولپنڈی نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو13فروری کوکمپنی کے ریکارڈ سمیت پیش ہونے کے لیے سمن جاری کردیئے۔

 نیب نے بلاول بھٹو زرداری سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی فہرست اور زرداری گروپ آف کمپنی کا 2008سے2019 تک کا تمام ریکارڈ طلب کیا ہے ۔

نیب ذرائع کے مطابق بلاول بھٹوزرداری جے وی اوپل کے 25 فی صد شیئر ہولڈر ہیں ، ایک عشاریہ 22 ارب روپے نجی بینک سے جے وی اوپل کو ٹرانسفر ہوئے اور پھر یہ رقم جے وی اوپل کے اکاؤنٹ سے نکلوائی گئی۔

نیب نے کمپنی کی آڈٹ رپورٹ اور بلاول کی دستخط شدہ دستاویزات بھی حاصل کرلی ہیں ، نیب کی جانب سے 4بار طلبی پر چیئرمین پیپلز پارٹی صرف ایک مرتبہ پیش ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹوزرداری کی نیب طلبی پر شیری رحمان کا ردعمل

نیب طلبی پرپیپلزپارٹی رہنماءکی شیری رحمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ نیب کا نوٹس چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کے مارچ میں احتجاج کے اعلان کا ردعمل ہے، حکومت مخالف اعلان پرنیب نوٹس بھیج دیتا ہے ، حکومت نیب کی ڈوریں ہلاکرسیاسی مخالفین کوانتقام کا نشانہ بنارہی ہے۔

شری رحمان نے کہا کہ بلاول بھٹو ملک کے بہادر لیڈر ہیں، وہ اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں،نیب کے پیچھے چھپنے سے عمران خان بچ نہیں سکتے۔