سیاسی جماعتوں کے اثاثوں کی تفصیلات جاری،پی ٹی آئی  امیر ترین جماعت

اپ ڈیٹ 10 فروری 2020 11:03am
فائل فوٹو

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے مالی18-2019کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں ،حکمران جماعت پی ٹی آئی 22 کروڑ 53 لاکھ مالیت کے اثاثوں کے ساتھ امیر ترین جماعت نکلی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک کی سیاسی جماعتوں کےگزشتہ مالی سال کےاثاثوں کی تفصیلات جاری کردی گئی ۔

جس کے مطابق،125سے زائد رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں میں سے صرف 82 سیاسی جماعتوں نے تفصیلات جمع کرائی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق، حکمران جماعت تحریک انصاف 22کروڑ53لاکھ مالیت کے اثاثوں کی مالک ہے جبکہ پی ٹی آئی کے اثاثوں میں گزشتہ ایک سال کےدوران9کروڑروپےکی کمی،آمدن سے زائد اخراجات ہوئے ،تحریک انصاف کے صرف ایک سال میں 50 کروڑ 87  سے زائد اخراجات ہوئے۔

پارٹی چیئرمین عمران خان  نے ممنوعہ ذرائع سے کسی قسم کی فنڈنگ نہ ہونے کا بیان حلفی بھی جمع کرایا۔

پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے پاس16 کروڑ روپے کا بینک بیلنس ہے،پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کو ایک کروڑ35لاکھ روپے کا چندہ ملاجبکہ پیپلزپارٹی کے اثاثوں کی مالیت70 لاکھ 16 ہزار روپے ہے ،پاکستان پیپلزپارٹی نے 2کروڑ سے زائد کے اخراجات کیے اورآمدن57 لاکھ روپے ہوئی۔

 مسلم لیگ ن کی ایک کروڑ55 لاکھ روپے آمدن اور20 کروڑ روپے کے اخراجات ہوئے،مسلم لیگ ن کے اثاثوں کی مالیت8 کروڑ17 لاکھ روپے ہے۔

شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ غریب ترین سیاسی جماعتوں میں شامل ہے ،عوامی مسلم لیگ کے پارٹی اکاؤنٹ میں ڈھائی لاکھ روپے موجود ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے پاس 4 کروڑ 19 لاکھ کے اثاثے ہیں، متحدہ نے چندے کی مد میں 4 کروڑ 79 لاکھ روپے اکٹھے کیے،جماعت اسلامی 90 لاکھ 18 ہزار روپے کے اثاثوں کی مالک ہے، (ق) لیگ کے پاس 4 کروڑ 99 لاکھ روپے مالیت کے اثاثے ہیں جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے پاس 2 لاکھ 31 ہزار روپے کا بینک بیلنس ہے ۔