غریب اور تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیےہرحد تک جائیں گے،وزیراعظم

شائع 10 فروری 2020 11:10am
وزیر اعظم عمران خان-فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ غریب عوام کی تکالیف پر حکومت خاموش تماشائی نہیں بن سکتی ، غریب اور تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیےہر حد تک جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت عوام کومہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے سے متعلق اجلاس ہوا ،جس میں معاون خصوصی ثانیہ نشتر، وزارت خزانہ، صنعت و پیداوار اور سماجی تحفظ ڈویژن ‏کے وفاقی سیکرٹریز نے شرکت کی۔

اجلاس میں غریب اور تنخواہ دار طبقے کو مہنگائی سے ریلیف اور اشیائے ‏ضروریہ کی سستے نرخوں پر فراہمی کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح پاکستان کی عوام اور تنخواہ دارطبقہ ہے ،جس ‏کو ریلیف فراہم کرنے کےلیے حکومت کسی بھی  حد تک جائے گی،غریب عوام کی تکالیف پر حکومت خاموش تماشائی نہیں بن سکتی ، عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے فیصلوں کا اعلان منگل کو کابینہ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔