ترک صدر رجب طیب اردوان آج 2 روزہ دورے پراسلام آباد پہنچ رہے ہیں

اپ ڈیٹ 13 فروری 2020 06:04am
فائل فوٹو

ترک صدر رجب طیب اردوان آج 2 روزہ دورے پراسلام آباد پہنچ رہے ہیں ۔وزیراعظم عمران خان نورخان ایئر بیس پرترک صدر کااستقبال کریں گے۔دورے کے دوران ترک صدرپارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان آج شام ساڑھے چار بجے پاکستان کے دو روزہ دورے پر نورخان ائیر بیس چکلالہ پہنچیں گے جہاں وزیراعظم عمران خان اپنی کابینہ کے اراکین سمیت ترک صدرکے استقبال کے لئے موجود ہوں گے۔

 نور خان ایئربیس پرترک صدرکا ریڈ کارپٹ استقبال کیا جائے گا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔ ترک صدر وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ایوان صدر جائیں گے جہاں صدر عارف علوی ان کا استقبال کریں گے۔ایوان صدر میں دونوں صدور کے درمیان ملاقات بھی ہوگی۔

صدر مملکت کی طرف سے ایوان صدر میں ترک صدر کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا۔

 سفارتی ذرائع کے مطابق دورے کے دوران دفاع،ریلویز،اطلاعات،معیشت اورتجارت پر متعدد معاہدے ہوں گے۔

ترک صدراور وزیراعظم کے درمیان ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔

ترک صدر14فروری کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔

وزیراعظم کی طرف سے ترک صدرکے اعزازمیں ظہرانہ دیا جائے گا۔