اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس 4روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گے

اپ ڈیٹ 17 فروری 2020 04:10am
فائل فوٹو

اسلام آباد:اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس 4روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گے،  وہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے،پاکستانی قیادت انتونیوگوتریس کو مقبوضہ کشمیرکی صورتحال سے آگاہ کرے گی۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس کا دورہ پاکستان خطے میں قیام امن کےلیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف ہے۔

یواین سیکریٹری جنرل انتونیوگوتیرس 4 روزہ دورے پرپاکستان پہنچ گئے،اسلام آباد پہنچے پر اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب منیر اکرم نےانتونیوگوتریس کا استقبال کیا۔

یو این سیکرٹری جنرل آج  مقامی ہوٹل میں پناہ گزینوں سے متعلق اجلاس اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق تقریب میں شرکت کے علاوہ بھارت اور پاکستان کے مبصر مشن کے دفتر کا دورہ کریں گے۔

  انتونیوگوتریس شام کو دفتر خارجہ جائیں گے جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گے۔

شاہ محمود قریشی اور انتونیو گوتریس مشترکہ میڈیا بریفنگ بھی دیں گے  جبکہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سیکریٹری جنرل کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔

 پیر کو یواین سیکرٹری جنرل کی پاکستان میں اقوام متحدہ ٹیم سے ملاقات شیڈول ہے۔

 دورے کے دوران انتونیو گوتریس وزیراعظم عمران خان ، صدر مملکت عارف علوی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے،جس میں مسئلہ کشمیر اور افغانستان سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا۔

 انتونیو گوتریس پیر کو ہی  افغان پناہ گزینوں سے متعلق عالمی کانفرنس کی صدارت کریں گے، دورہ پاکستان کے دوران سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ لاہور بھی جائیں گے۔

یو این سیکرٹری جنرل 18 فروری کو دورہ لاہور کے دوران انٹر فیتھ لیڈرز سے ملیں گے، بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ بھی جائیں گے ، اسکول کے بچوں کو پولیو کے قطرے  پلائیں گے اور پھر گوردوارہ کرتارپور بھی جائیں گے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے انتونیو گوتریس کے اعزاز میں عشائیہ کا بھی اہتمام کر رکھا ہے۔

اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نےپاکستان آمد سے قبل اپنے ایک ٹویٹ پاکستان کی امن کاوشوں کا برملا اعتراف کیا۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان،پوری دنیا میں یواین امن مشنز میں شامل ہے، پاکستان امن کامستقل مزاج اورقابل بھروسہ حصہ دار ہے،امن کے لیے کام کرنےوالوں سےاظہار تشکرکےلیے پاکستان جارہاہوں۔

امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کے اعتراف میں کل تصویری نمائش کا انعقاد

خطے میں قیام امن کےلیے پاکستان کی کوششوں اور عالمی خدمات کے اعتراف میں کل تصویری نمائش کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

امن کاوشوں کے 60 سال مکمل ہونے پر پیر کو سجنے والی مرکز برائے بین الاقوامی امن و استحکام میں تصویری نمائش کا افتتاح اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کریں گے۔

 تصویری نمائش پاکستان کی امن کاوشوں اور عالمی امن کے لیے خدمات پر مرکوز ہے،نمائش کے شروع میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی امن سوچ کی عکاسی کی گئی ہے۔

 نمائش میں پاک فوج کی 1960ء سے 28 ممالک، 46 امن مشنز میں خدمات کا احاطہ کیا گیا ہے ، نمائش اقوام متحدہ امن مشنز میں جان دینے والے 157 پاکستانی اہلکارو‍ں کی قربانی کا ادراک ہے۔

 تصویری نمائش میں مختلف امن مشنز میں 78 پاکستانی خواتین کی خدمات کو دکھایا گیا ہے،پاکستان خواتین دستے تعینات کرنے والا پہلا ملک اور یہ امر نمائش کا حصہ ہے۔

  پاکستانی امن فوج کے لیے عالمی رہنماؤں کے خیالات اور اقوام متحدہ میں اعلی عہدوں پر فائز رہنے والے پاکستانی نمائندگان بھی نمائش کا حصہ ہیں۔

 پاکستان کے پہلے امن دستے کی کانگو میں 1960ء میں تعیناتی نمائش کا حصہ ہے،  اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کریں گے۔