ایران میں کورونا وائرس رپورٹ ہونے کے بعد پاک ایران سرحد سیل

اپ ڈیٹ 24 فروری 2020 10:15am
فائل فوٹو

ایران میں کورونا وائرس رپورٹ ہونے کے بعد پاک ایران سرحد کو سیل کردیا گیا،پڑوسی ملک سے تینوں سرحدی راستے بند کردیئے گئے،پاک ایران رابطے تیز کردیئے گئے۔ 

چین کے بعد کورونا وائرس پاکستان کے پڑوس ایران پہنچ گیا ، متعدد کیسز سامنے آنے پر پاک ایران بارڈرسیل کردیا گیا،ایف آئی گیٹ ،راہداری گیٹ اور زیروپوائنٹ بند کردیے گئے۔

 ایران میں وائرس کے خدشے کے پیش نظر پاکستان حکام نے بھی سرجوڑ لیا، پاکستانی و ایرانی حکام کے درمیان رابطے تیزکردیئےگئے۔

 وزیرمذہبی امور نورالحق قادری کا ایران میں موجود پاکستانی زائرین کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔

 پیرنورالحق قادری نے کہاکہ شیعہ علماء اور قافلہ سالاروں سے مشاورت کی جا رہی ہے،آنے والے زائرین کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھنے کےلیے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔

 وزارت صحت میں بھی ایرانی کی صورتحال پر مشاورت ہوئی ، معاون خصوصی ظفر مرزا کے مطابق تفتان طورخم سمیت تمام انٹری پوائنٹس پر تربیت یافتہ عملہ اسکریننگ کر رہا ہے، انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشن کی ہدایت کو مدنظر رکھا جا رہاہے، کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کےلیےہمہ وقت تیار ہیں۔