حج درخواستوں کی وصولی 25فروری  سے بغیر کسی تعطیل کے 6 مارچ تک جاری رہےگی

شائع 24 فروری 2020 01:46pm
فائل فوٹو

حج 2020 کےلئے درخواستوں کی وصولی کی نئی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا۔وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ درخواستوں کی وصولی کل سے بغیر کسی تعطیل کے 6 مارچ تک جاری رہے گی۔

ترجمان کے مطابق وزارت مذہبی امور کی جانب سے تمام مجاز بینکوں کو حج 2020 کےلئے درخواستوں کی وصولی کی نئی تاریخ  کی اطلاع کر دی گئی ہے۔ کابینہ سے ایک اہم نقطہ کی عدم منظوری کے باعث پہلی تاریخ میں التوا کیا گیا تھا۔  حج درخواست فارم 25 فروری سے 6 مارچ تک وصول اور جمع کروائے جا سکتے ہیں۔

 وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کو بھی حج فارم وصول کئے جائیں گے۔حج درخواست فارم کو کمپیوٹرائزڈ اور آسان بنایا گیا ہے۔ منگل سے تمام بینکوں میں حج درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ شروع جائے گا۔

اس سے قبل وزارت کی جانب سے 24 فروری سے 3 مارچ کی تاریخ کا اعلان کیا گیا تھا۔