Aaj News

جمعرات, اپريل 25, 2024  
17 Shawwal 1445  

دہشتگردوں کے حملے اور ناراض عناصر۔۔۔

کراچی کے امن کو ایک بار پھر تباہ کرنے کیلئے ملک دشمن قوتیں سرگرم...
اپ ڈیٹ 14 ستمبر 2020 02:09pm

کراچی کے امن کو ایک بار پھر تباہ کرنے کیلئے ملک دشمن قوتیں سرگرم دکھائی دے رہی ہیں، پچھلے دنوں سندھ کے مختلف شہروں میں رینجرز اہلکاروں پر حملے جبکہ گزشتہ ہفتہ پاکستان اسٹاک ایکسچنج پر حملہ کیا گیا مگر سیکورٹی اہلکاروں کی بروقت کاروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔ مگر ایک بات اب بھی تشویشناک ہے کہ 4 دہشتگرد کس طرح جدید اسلحہ سے لیس شہر کی مشہور ترین سڑک جہاں مختلف بڑی کمپنیوں کے دفاتر کے ساتھ رینجرز اور پولیس کے دفاتر بھی موجود ہیں یہاں تک آگئے اور راستے میں کسی نے روکا تک نہیں، یقیناَ یہ سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

دہشتگرد بڑے ارادے کے ساتھ ائے تھے لیکن اللہ کے فضل سے وطن عزیز کے محافظوں نے ان کے تمام ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور صرف 8 منٹ میں دہشتگردوں کو مار گرایا۔ ملک دشمن قوتیں ہماری معیشت کو نقصان پہنچانے آئے تھے لیکن اس حملے کے دوران بھی پاکستان اسٹاک ایکسچنج میں ٹریڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن آرمی نے قبول کرلی ہے، حملے کا مقصد پاکستان کی معیشت اور چینی مفادات کو نقصان پہنچانا بتایا ہے۔ ایک طرف تو بھارت نے ہندوستان اور کشمیر میں مسلمانوں پر بربریت کی انتہا کردی ہے تو دوسری طرف دشمن قوتیں بلوچستان کی پسماندگی اور دیگر تحفظات کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کررہے ہیں۔

ملک دشمن قوتوں نے خاص طور پر کراچی شہر کو نشانہ بنایا ہوا ہے جو ماضی میں بھی ان کے نشانے پر تھا، 2013 میں قتل و غارت گری اپنے عروج پر تھی۔ بوری بند لاشوں کا زمانہ تھا اور روزانہ کئی افراد کو قتل کردیا جاتا تھا مگر پھر اس وقت نواز شریف کی حکومت میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کے واقعے کے بعد نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ہوا اور دہشتگردوں کے ٹھکانوں کا صفایا کیا گیا۔

سیکورٹی اہلکاروں نے ملک میں امن کی بحالی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں، آپریشن ضرب عضب اور رد الفساد کے ذریعے فسادیوں کا خاتمہ ممکن بنایا ہے مگر دشمن کو ہمارے وطن کی یہ رونقیں کھٹک رہی ہیں اور وہ اس طرح کی ناکام کوششیں کررہا ہے جس سے خود اس کا ہی نقصان ہے۔

بھارت کو یاد ہونا چاہیے کہ پاکستان کو ہلکا نہ لیا جائے، پاکستان نے ہر محاذ پر بھارت کو عبرتناک شکست کا مزہ چکھایا ہے۔ بھارت پہلے بھی اپنے مہروں کو دہشتگردی کیلئے استعمال کرتا رہا اور اب بھی کررہا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ بلوچستان کے عوام کے مسائل کو فوری حل کرے تاکہ ناراض عناصر کو قومی دھارے میں شامل کیا جاسکے۔

تحریر: کاوش میمن

ٹوئٹر آئی ڈی: @Kawish_Official

درج بالا تحریر مصنف کی ذاتی رائے پر مبنی ہوسکتی ہے، آج نیوز اور اس کی پالیسی کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div