Aaj.tv Logo

پی سی بی نے مینز سینٹرل کنٹریکٹ برائے 23-2022 کا اعلان کردیا

30 جون 2022
<p>مجموعی طورپر 33 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹس دئیے گئے ہیں۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ آئی سی سی</p>

مجموعی طورپر 33 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹس دئیے گئے ہیں۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ آئی سی سی

راولپنڈی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مینزسینٹرل کنٹریکٹ برائے 23-2022 کا اعلان کردیا، 10کھلاڑیوں کوصرف ریڈ بال جبکہ 11کھلاڑیوں کوصرف وائٹ بال کنٹریکٹ دیا گیا ہے جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 7 کھلاڑیوں ایمرجنگ کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

چیف سلیکٹرمحمد وسیم نے راولپنڈی میں کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا، نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا، مجموعی طورپر 33 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹس دئیے گئے ہیں، پہلی بارریڈ اوروائٹ بال کے الگ الگ کنٹریکٹس دئیے گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، امام الحق اور حسن علی کو ریڈ اور وائٹ بال دونوں طرز کی کرکٹ کے کنٹریکٹ دئیے گئے ہیں۔

ان کے علاوہ 10 کھلاڑیوں کو صرف ریڈ بال کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے، ان کھلاڑیوں میں اظہر علی کو اے کٹیگری جبکہ فواد عالم کو بی کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

عبد اللہ شفیق، نعمان علی اور نسیم شاہ کو ریڈ بال کی سی کٹیگری جبکہ سرفراز احمد، شان مسعود، یاسر شاہ، عابد علی اور سعود شکیل کو ڈی کٹیگری شامل کیا گیا ہے۔

اسی طرح 11 کھلاڑیوں کو صرف وائٹ بال کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے، ان کھلاڑیوں میں فخر زمان اور شاداب خان کو اے کٹیگری جبکہ حارث رؤف کو بی کٹیگری اور محمد نواز کو وائیٹ بال کنٹریکٹ کی سی کٹیگری جبکہ شاہنواز دھانی، عثمان قادر، حیدر علی، آصف علی، خوشدل شاہ ، زاہد محمود اور محمد وسیم جونیئر کو بھی اس طرز کی کرکٹ کے کنٹریکٹ کی ڈی کٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 7 کھلاڑیوں کو ایمرجنگ کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

علی عثمان، حسیب اللہ، کامران غلام، قاسم اکرم، محمد حارث، محمد حریرہ اور سلمان علی آغا اس کٹیگری کا حصہ ہیں۔