‘کس قانون کے تحت اور کس کے کہنے پر شہباز گل پر تشدد کیا جارہا ہے’

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے شہباز گل پر کیے جانے والے جسمانی تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔
شائع 12 اگست 2022 01:12pm
اگر شہباز گل نے کوئی قانون توڑا ہے تو صفائی پیش کرنے کا موقع دیا جانا چاہیئے۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
اگر شہباز گل نے کوئی قانون توڑا ہے تو صفائی پیش کرنے کا موقع دیا جانا چاہیئے۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے شہباز گل پر کیے جانے والے جسمانی تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شہبازگل پر جسمانی تشدد کی شدید مذمت کرتاہوں، کس قانون کے تحت اور کس کے کہنے پر شہباز گل پر تشدد کیا جارہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اگر شہباز گل نے کوئی قانون توڑا ہے تو صفائی پیش کرنے کا موقع دیا جانا چاہیئے مگر محض مجرموں کی امپورٹڈ حکومت بچانے کے لیے آئین اور قوانین پامال کئے جا رہے ہیں، عدلیہ اس کانوٹس لے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ شیرخوار بچی کی ماں کو محض اس لیے اٹھایا گیا کہ اس کا خاوند شہبازگل کے لیے کام کرتا ہے، لوگوں کو مجرموں کے گروہ کے سامنے سجدہ ریز کرنے کےلیے خوف کے ماحول کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل اسلام آباد کی مقامی عدالت نے بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنما شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔