کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش، سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا

"مون سون کا سسٹم سندھ میں مزید مضبوط ہونے کا امکان ہے۔"
شائع 16 اگست 2022 04:23pm
فوٹو (فائل)
فوٹو (فائل)

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش وقفے وقفے سے جاری ہے، جس سے شہر کی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔

کراچی کے علاقوں گرومندر، تین ہٹی، جہانگیر روڈ، ایم اے جناح روڈ، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی بفر زون، سرجانی ٹاؤن اور فائیو اسٹار میں موسلادھار بارش ہوئی۔

اس دوران پی ای سی ایچ ایس، ناظم آباد، لیاقت آباد، کلفٹن، ڈیفنس، آئی آئی چندیگر، صدر، گلستان جوہر اور گلشن میں بھی کم مقدار میں بارش ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ ہفتے پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) نے ایک الرٹ جاری کیا تھا کہ کراچی سمیت سندھ کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے/شہری سیلاب کا خطرہ ہوسکتا ہے، جو 20 اگست تک نافذ العمل رہے گا۔

اس حوالے سے پی ایم ڈی نے کہا کہ “مون سون کا سسٹم سندھ میں مزید مضبوط ہونے کا امکان ہے۔”

پی ایم ڈی کہا کہ بحیرہ عرب میں ایک ڈپریشن تیار ہوا ہے جو مکران کے ساحل کے ساتھ مغرب کی طرف بڑھنے کا امکان ہے۔

پی ایم ڈی کے مطابق 16 سے 18 اگست تک سندھ اور بلوچستان میں بڑے پیمانے پر بارش/آندھی/گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

دوسری جانب پی ایم ڈی نے خبردار کیا ہے کہ 14 سے 18 اگست تک کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، دادو، جامشورو، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور میرپورخاص میں شدید بارشوں سے شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔