وائرل آڈیو کال پر خلیل الرحمٰن قمر کا ردعمل سامنے آگیا

گزشتہ دنوں خلیل الرحمان قمر کی کسی خاتون کے ساتھ آڈیو کال وائرل ہوئی تھی
اپ ڈیٹ 14 ستمبر 2022 12:05am

مصنف خلیل الرحمٰن قمر نے خاتون کے ساتھ آڈیو کال لیک ہونے پر ردعمل دے دیا ۔

خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ’میں ایک گناہ گار انسان ہوں لیکن ہر گزرتے دن کے ساتھ اپنی بہتری کے لیے کام کرتا ہوں،صرف اللہ جانتا ہے کہ میں کون ہوں، یہ آڈیو 3 سال پہلے لیک ہوئی تھی لیکن اس وقت کسی نے شور نہیں کیا تھا، مجھے بدنام کرنے کیلئے اس کو دوبارہ پھیلایا کیا گیا ہےاب اسے ہائپ دینے کی کوشش کی جارہی ہے’۔

ایک یوٹیوبر سے گفتگو کرتے ہوئے خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ’میں اس لیک آڈیو کال سکینڈل کے حوالے سے پہلا اور آخری انٹرویو دے رہا ہوں، شروع میں جب میں نے حقوق نسواں کے خلاف آواز اٹھائی تو میری توہین کے لیے میرے خلاف پروگرامز چلائے گئے تھے، ایک مقبول اینکر نے میری توہین کی لیکن ان کی روح کو سکون ملے کیونکہ انہوں نے بعد میں معافی مانگ لی’۔

انہوں نے کہا کہ میں بہت سے محاذوں پر لڑ رہا ہوں لیکن مجھے لگتا ہے کہ میں منتخب ہوں اور میں اپنے خلاف ایسی سازشوں کا سامنا کروں گا، اب وہ کردار کشی کر رہے ہیں، آپ آسانی سے میری آڈیو کو کسی سے بھی اسکرپٹ کر سکتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر خلیل الرحمان قمر کی کسی خاتون کے ساتھ آڈیو کال کی ریکارڈنگ وائرل ہوئی تھی ۔

وائرل ہونے والی آڈیو میں مبینہ طور خلیل الرحمان کسی شادی شدہ خاتون سے گفتگو کررہے ہیں جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا ۔