نااہل ڈاکٹر نے ٹانگ کا آپریشن کروانے والی خاتون کا پِتہ نکال دیا

ڈاکٹر نے پِتے کا علاج کروانے والی دوسری مریضہ کی ٹانگ کا آپریشن کر ڈالا
شائع 07 جون 2023 09:27pm

نجی اسپتال میں ڈاکٹر نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹانگ کا آپریشن کروانے والی خاتون کا پِتہ نکال دیا ،جبکہ پِتے کا علاج کروانے کے لئے آئی دوسری مریضہ کی ٹانگ کا آپریشن کر ڈالا۔

فیصل اباد غلام محمد آباد کے نجی اسپتال میں ڈاکٹروں کا انوکھا کارنامہ سامنے آیا ہے، جہاں 2 ہم نام خواتین کے غلط آپریشن کردیے گئے۔

ڈاکٹروں نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پتہ نکلوانے کے لئے آئی خاتون کی ٹانگ کا آپریشن کر ڈالا، جب کہ ٹانگ کا آپریشن کروانے کے لئے آنے والی دوسری خاتون کا پتہ ہی نکال دیا۔

مریضہ کے ورثا کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نے جب مریضہ کے ہوش میں ہوتے ہوئے ٹانگ پر نشان لگائے تو ان کو بتایا بھی کہ پتے کا آپریشن کروانے آئے ہیں، تاہم ڈاکٹر نے کہا کہ آپ کوئی چھریاں نہیں ماررہے ہمیں زیادہ پتہ ہے کیا کرنا ہے۔

دوسری جانب نجی اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دونوں مریضوں کا نام ایک جیسا ہونے کی وجہ سے غلطی ہوئی، تاہم پھر بھی ڈاکٹر کو معطل کرکے انکوائری کا اغاز کر دیا گیا ہے۔

متاثرین نے ڈاکٹر کے خلاف مقدمے کے اندراج کیلئے پولیس کو درخواست بھی دے دی ہے۔