Aaj News

بدھ, مئ 14, 2025  
16 Dhul-Qadah 1446  

اسحاق ڈار کا سعودی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ، قومی سلامتی کے فیصلوں سے آگاہ کیا

بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، نائب وزیراعظم کی سعودی وزیر خارجہ سے گفتگو
شائع 25 اپريل 2025 10:28pm

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں بھارت کے یک طرفہ اقدامات کے تناظر میں قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کردیا۔

ترجمان دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے دونوں ملکوں کے مابین موجودہ دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور گفتگو کے دوران خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے شہزادہ فیصل بن فرحان کو بھارت کی جانب سے یکطرفہ اقدامات کے تناظر میں پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔

اسحاق ڈار نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات خطے میں مزید کشیدگی کا باعث بن سکتے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا اور دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال پر مشاورت اور رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 26 افراد کی ہلاکت کے بعد پاکستان اور بھارت کےدرمیان کشیدگی عروج پر ہے، بھارت نے اس واقعے کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدہ منسوخ اور اٹاری بارڈر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان نے بھارتی اقدامات کے جواب میں بھارت کے ساتھ تجارت، واہگہ بارڈر بند کرنے اور بھارتی ایئرلائنز اور فوجی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Saudia Arabia

Ishaq Dar

Faisal Bin Farhan

Minister Ishaq Dar