Aaj News

جمعہ, جون 20, 2025  
23 Dhul-Hijjah 1446  

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور بارشوں سے تباہی، مختلف واقعات میں 12 افراد جاں بحق

عوام طوفان اور بارش کے دوران محتاط رہیں، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

پنجاب میں آندھی اور طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے۔ حالیہ بارشوں میں دریائے سوات بپھر گیا۔ پانی مینگورہ بازار کی دکانوں اور گھروں میں داخل ہوگیا ۔ اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں آندھی کے بعد گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی ۔ درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ، سائن بورڈز تیز ہوائیں اپنے ساتھ لے گئیں۔ بیشتر اضلاع میں کھمبے گرنے سے بجلی بھی معطل ہوگئی۔ دوپہر کے وقت شدید آندھی اور گردوغبار سے ہر طرف اندھیرا چھا گیا۔

لاہور سمیت پنجاب بھرمیں طوفانی بارشوں میں اموات

لاہور سمیت پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں اور آندھی نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ لاہورمیں چھتوں سے گرنے والے دو افراد دم توڑ گئے۔ کامونکی میں شیڈ گرنے سے بارہ سالہ بچی جاں بحق۔ شیخوپورہ میں فیکٹری کی چھت گرنے سے مزدورجان گنوا بیٹھا۔ چھ افراد زخمی ہوئے۔

جہلم میں حادثات میں 3 افراد جان سے گئے اور 13 زخمی ہوگئے۔ راولپنڈی میں1 شہری جاں بحق ہوا۔ ننکانہ اور سیالکوٹ میں بھی ایک، ایک شہری جاں بحق ہوا۔ جہانیاں میں آندھی کے باعث چھت گر نے کے واقعے میں خاتون اور بچی جاں بحق ہو گئی۔ حادثے میں ایک سالہ بچہ زخمی ہے جسے اسپتال منتقل کیا گیا۔

اٹک، رائے ونڈ، دینہ میں دیواریں گرنے سے کئی افراد زخمی ہوئے۔ پتوکی، قصور، گجرات میں بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

لاہور میں تیز آندھی اور بارش کے باعث لیسکو کے ساٹھ سے زائد گرڈ اسٹیشنز ٹرپ کر گئے، جس سے متعدد علاقوں میں بجلی بند رہی۔

این ٹی ڈی سی کے 220 کے وی بند روڈ، غازی اور کوٹ لکھپت گرڈز بھی متاثر ہوئے۔ چڑیا گھر کی پارکنگ میں درخت گر گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ اورنج لائن ٹرین سروس عارضی طور پر معطل کر کے سٹیشنز خالی کروائے گئے۔

لاہورمیں چلنے والی آندھی سے اسپتال بھی متاثر ہوا، گنگا رام اسپتال کی نئے بننے والی بلڈنگ کے متعدد شیشے ٹوٹ گئے ۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق شیشے ٹوٹنے سے کوئی مریض زخمی نہیں ہوا۔

نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں آندھی اور طوفان کے باعث قذافی اسٹیڈیم کی پرانی بلڈنگ کی ٹائلز گر گئیں۔ سیکیورٹی بیرئیرز بھی ہوا میں اڑ گئے۔

موٹروے ایم 2 کو ٹھوکر سے کوٹ مومن تک اور موٹروے ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک بند رہی۔

لاہور میں شدید طوفان؛ کراچی سے آنے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی

مختلف مقامات پر سولر پلیٹیں، ہورڈنگ بورڈز اور بجلی کے کھمبے گرنے سے شہریوں کی گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں۔ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بدستور معطل ہے۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی شدید موسمی حالات سے املاک کو نقصان پہنچا۔

وزیراعلی پنجاب کا نوٹس

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طوفان اور بارش کے پیش نظر اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ مریم نواز نے موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے انتظامی افسران کو فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

لیسکو چیف انجنیئر محمد رمضان

لیسکو چیف انجنیئر محمد رمضان نے لاہور اور دیگر شہروں میں ہونے والی بارش طوفان اور اندھی کے باعث بجلی کی معطلی اور پھر فیڈرز کی بحالی کے حوالے سے پریس کانفرنس میں بتایا کہ بدترین طوفان سے بجلی کا نظام بری طرح درہم برہم ہوا تھا۔

چیف لیسکو نے بتایا کہ الحمدللہ جنگی بنیادوں پر تمام سسٹم بحال کر دیا گیا ، طوفان سے 500 کے وی سسٹم سے بریک ڈاون ہوا 2300 فیڈرز بند ہو گیے تھے، انتہائی کم وقت میں خود، آپریشن روم سنبھال کر تمام گرڈ چلا دیے۔

وفاقی دارالحکومت میں آندھی اور ژالہ باری

وفاقی دارالحکومت میں بادلوں اور کالی گھٹاؤں نے دن میں رات کا سماں بنا دیا۔ طوفانی ہواؤں کیساتھ موسلا دھاربارش نے گرمی بھگا دی۔

مخلتف سیکٹرزمیں ژالہ باری بھی ہوئی ۔ قائد اعظم یونیورسٹی کینٹین کی چھت گرگئی جبکہ اسلام آباد پبلک لائبریری جی الیون کی چھت کو بھی نقصان پہنچا۔ اور بارش کا پانی لائبریری میں داخل ہو گیا۔

نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہو گئی، بارشوں کے باعث راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

آندھی اورطوفان کےساتھ تیزبارش شروع ہوئی توساتھ ہی آسمان سے اولے بھی برسنے لگے۔ شہریوں نے آبر رحمت کی دعا کے ساتھ گرمی کی شدت میں کمی پرسکھ کا سانس لیا ، موسم ابرآلود رہنے کے ساتھ برسات کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔

ملکہ کوہسار مری میں موسلادھار بارش، ندی نالوں میں طغیانی

ملکہ کوہسار مری میں بھی موسلادھار بارش، گرج چمک اور آندھی کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا۔ بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے اور سیاح ہوٹلوں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔

بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان بھارت سے ٹکرانے کو تیار، کراچی سے کتنا دور ؟

آزاد کشمیرمیں بارش، موسم سرد

آزاد کشمیر میں بھی موسم نے اچانک کروٹ لی۔ کالی گھٹاؤں کے برسنے سے دارالحکومت مظفرآباد سمیت مختلف علاقوں کا موسم سرد اور خوشگوار ہو گیا۔ گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔

خیبرپختون خوا میں آندھی اور بارشیں، بجلی غائب

پشاور اور گردونواح میں بھی آندھی اور تیز ہواؤں نے نظام زندگی کو متاثر کیا۔ متعدد علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔

سوات، مینگورہ میں شدید بارش اور ژالہ باری، پانی گھروں دکانوں میں داخل

ادھر سوات اور مینگورہ میں شدید بارش اور ژالہ باری ہوئی جس کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ، شدیدبارش کےباعث پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا اور ندی نالوں میں طغیانی ہو گئی جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوئی ہے۔

ایبٹ آباد ،ہری پور،اٹک کے مختلف علاقوں میں بھی تیزآندھی و طوفان اور شدید بارش ہوئی،اسی طرح مردان کے علاقوں میں بھی تیز اور شدید بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی ۔

این ڈی ایم اے الرٹ

بارشوں کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اتھارٹی نے عوام کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو تاکید کی ہے کہ وہ طوفان اور شدید بارش کے دوران کھلی جگہوں، بجلی کے کھمبوں اور درختوں کے نیچے پناہ لینے سے گریز کریں اور متاثرہ علاقوں کی طرف سفر کرنے سے اجتناب کریں۔

کس شہر میں سب سے زیادہ بارش ہوئی؟

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش پنجاب کے شہر اٹک میں 48 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

اسلام آباد میں 38، راولپنڈی شمس آباد 36، چکلالہ 20، جوہرآباد 16، منگلا 14، چکوال 12، مری 11، جہلم اور منڈی بہاؤالدین 7، سیالکوٹ سٹی 5، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ 2، جبکہ گجرات میں 1 ملی میٹر بارش ہوئی۔

خیبرپختونخوا میں مالم جبہ 21، سیدو شریف 14، کاکول 8 اور لوئر دیر میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

کشمیر کے علاقوں کوٹلی میں 13، راولاکوٹ 12 اور گڑھی دوپٹہ میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی۔ بلوچستان کے علاقوں لسبیلہ میں 5، جبکہ بارکھان اور سبی میں 2، 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

azad kashmir

اسلام آباد

Rain

rainy weather

Rain prediction

hailstorm