Aaj News

اتوار, جون 15, 2025  
18 Dhul-Hijjah 1446  

نیا بجٹ، نئے ٹیکس: کئی شعبوں پر چھوٹ ختم، نئے ٹیکسز کن شعبوں پر لگیں گے؟

وفاقی حکومت نئے مالی سال کے بجٹ میں متعدد نئے ٹیکس اقدامات اور پالیسی تبدیلیوں پر غور کر رہی ہے
اپ ڈیٹ 09 جون 2025 09:08pm

نئے بجٹ میں حکومت کن شعبوں پر ٹیکس چھوٹ ختم کرنے جا رہی ہے اور کن شعبوں پر نئے ٹیکسز لگائے جائیں گے، اس حوالے سے تفصیلات سامنے آ گئیں۔

وفاقی حکومت نئے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں متعدد نئے ٹیکس اقدامات اور پالیسی تبدیلیوں پر غور کر رہی ہے تاکہ محصولات میں اضافہ کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق بجٹ میں بعض شعبوں کو دی گئی ٹیکس چھوٹ ختم کرنے اور نئی اشیا و آمدن کے ذرائع کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کی سفارشات زیر غور ہیں۔

آئی ایم ایف کے دباؤ پر زرعی آمدن کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ اسی طرح ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، فری لانسرز اور بیرون ملک سے حاصل ہونے والی فری لانس آمدن پر بھی ٹیکس لگانے کی تجاویز تیار کی گئی ہیں۔

علاوہ ازیں شیئرز اور پراپرٹی پر کیپٹل گین ٹیکس کی شرح میں اضافہ اور سابق فاٹا ریجن کو حاصل ٹیکس استثنا ختم کرکے 12 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی سفارش بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق بجٹ میں کھاد، کیڑے مار ادویات اور بیکری مصنوعات پر بھی ٹیکس عائد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب مشروبات اور سگریٹس پر ٹیکس میں کمی کی تجویز دی گئی ہے۔

نئے مالی سال کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے جزوی ریلیف بھی متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کو 30 فیصد خصوصی الاؤنس دینے اور ایڈہاک ریلیف الاؤنس کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے پر غور کر رہی ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے اور پنشن میں 5 سے ساڑھے 7 فیصد اضافے کی تجویز بھی بجٹ میں شامل کی گئی ہے۔

آئندہ بجٹ میں ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور غیر دستاویزی معیشت کو قابو میں لانے کے لیے حکومت اہم اقدامات کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، تاہم ان مجوزہ ٹیکس اقدامات پر حتمی فیصلہ بجٹ پیش کیے جانے کے بعد ہوگا۔

رواں مالی سال ٹیکس ریونیو میں 25.8 فیصد اضافہ ریکارڈ

رواں مالی سال ٹیکس ریونیو میں 25.8 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا، ٹیکس ریونیو9.14 ٹریلین روپے رہا۔

اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق نان ٹیکس ریونیو میں 68 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، رواں مالی سال نان ٹیکس ریونیو 4.23 ٹریلین روپے رہا ہے، ٹوٹل ریونیو 13.37 ٹریلین روپے رہا۔

اسی طرح رواں مالی سال اخراجات کی مد میں 18.3فیصد اضافہ ہوا ہے، مالی سال 2025 میں 14.59 ٹریلین کے اخراجات ہوئے اور ترقیاتی اخراجات میں 32.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ترقیاتی اخراجات 1.54 ٹریلین روپے رہے ہیں جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ رواں مالی سال 2.6فیصد رہا ہے اور رواں مالی سال پرائمری سرپلس میں 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

budget

tax

Economic Survey

Economic Survey Report

Budget 2025 26

Tax exemption

Budget 2025 2026