حکومت نے صارفین کو سستی بجلی دینے کا نیا منصوبہ تیار کرلیا

حکومت کی جانب سے کیپٹو پاور لیوی عائد کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے
شائع 06 جنوری 2026 03:14pm

حکومت نے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اہم فیصلہ کرلیا ہے، اور اس سلسلے میں بجلی سستی کرنے کا پلان بھی سامنے آگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے کیپٹو پاور لیوی عائد کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے اور اس لیوی سے حاصل ہونے والا فائدہ بجلی صارفین کو منتقل کیا جائے گا۔

کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط کے تحت نافذ کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس لیوی سے حاصل ہونے والی رقم براہِ راست بجلی صارفین کو ریلیف دینے کے لیے استعمال کی جائے گی۔

منصوبے کے تحت صارفین کو بجلی کا ریلیف ماہانہ بنیادوں پر دیا جائے گا، جبکہ لیوی کی رقم کا فائدہ دو ماہ کے وقفے سے منتقل کرنے کا پلان بھی تیار کیا گیا ہے۔

ذرائع نے اس حوالے سے مزید بتایا ہے کہ کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی مرحلہ وار عائد کی جائے گی۔ ابتدائی طور پر فوری طور پر 5 فیصد لیوی نافذ کی جائے گی، دوسرے مرحلے میں لیوی بڑھا کر 10 فیصد کر دی جائے گی۔

اس کے بعد فروری میں لیوی کی شرح 15 فیصد اور اگست میں 20 فیصد تک پہنچ جائے گی۔

ذرائع کے مطابق جیسے جیسے لیوی کی شرح میں اضافہ ہوگا، بجلی صارفین کے لیے مزید ریلیف متوقع ہے اور اس لیوی کے ذریعے بجلی کے ٹیرف میں کمی کی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ کیپٹو پاور لیوی ادا نہ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔ ڈیفالٹ کرنے والے کیپٹو پاور پلانٹس کے خلاف اقدامات کیے جائیں گے اور ان کی گیس کی فراہمی منقطع کرنے کا اختیار بھی استعمال کیا جائے گا۔

پاکستان

electricity

relief

citizens of pakistan