ٹھل: لڑکی سے زیادتی کیس میں سندھ پولیس کے تمام نامزد اہلکار گرفتار

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کا ازخود نوٹس، متاثرہ لڑکی عدالت میں پیش
اپ ڈیٹ 21 جنوری 2026 09:41am

جیکب آباد کی تحصیل ٹھل میں لڑکی سے مبینہ زیادتی کے کیس میں نامزد تمام پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایس ایچ او گڑھی حسن نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت کو آگاہ کیا کہ مقدمے میں نامزد تمام ملزمان پولیس کی تحویل میں ہیں۔

واقعے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ازخود نوٹس لیا، جس پر کیس کی سماعت عدالت میں ہوئی۔ سماعت کے دوران متاثرہ لڑکی اپنی بہن اور دادی کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئی، جہاں اس نے پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات سے عدالت کو آگاہ کیا۔

ایس ایچ او گڑھی حسن کے مطابق متاثرہ لڑکی کا میڈیکل معائنہ مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ڈی این اے کے نمونے بھی حاصل کر لیے گئے ہیں، جنہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔

عدالت نے کیس میں شفاف اور تیز رفتار تفتیش یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے پیش رفت رپورٹ طلب کر لی ہے۔