ملک بھر میں شدید سردی کی لہر، کراچی میں درجہ حرارت 8 ڈگری ریکارڈ

کوئٹہ اور لاہور میں سردی کی شدت، مری، گلگت بلتستان اور کشمیر میں برفباری، سڑکیں بند

ملک بھر میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہونے لگے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سردی اور بارش کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم تیز اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث سردی 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے۔

شدید سردی کے باعث رات اور صبح کے اوقات میں ٹریفک کی روانی میں نمایاں کمی دیکھی گئی جبکہ پارکوں میں ورزش کے لیے آنے والوں کی تعداد بھی معمول سے کم رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بن قاسم میں کم سے کم درجہ حرارت 7.4 ڈگری، جناح ٹرمینل اور گلستانِ جوہر میں 10.5 جبکہ شارع فیصل میں 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس وقت شہر کا درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 36 فیصد جبکہ شمال مغرب سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا تاہم رات کے اوقات میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید سرد اور خشک ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10 اور قلات میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ زیارت میں درجہ حرارت منفی 11 جبکہ ژوب میں منفی 5 ڈگری رہا۔

سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 3 اور تربت میں 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ نوکنڈی میں درجہ حرارت صفر جبکہ چمن میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ ساحلی علاقوں میں گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 10 اور جیوانی میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب لاہور میں بارش کے بعد موسم کا مزاج تبدیل ہو گیا ہے جس سے سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ٹھنڈی اور یخ بستہ ہواؤں کے باعث خشک سردی کا خاتمہ ہو گیا ہے جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری سے موسم مزید سرد اور خوشگوار ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے، بارش کے باعث دھند کی شدت میں بھی کمی آئی ہے۔ لاہور میں موجودہ درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 94 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مزید بارش کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، مری اور گلیات میں تیز بارش اور شدید برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں برفانی تودے گرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

مری میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک تقریباً 12 انچ برفباری ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مری اور گردونواح میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پشاور میں موسم سرد ہے جبکہ مطلع ابرآلود ہے۔ گزشتہ روز ہونے والی بارش کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام میں بھی بارش میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان میں وادی ہنزہ، نگر اور نلتر سمیت مختلف علاقوں میں برفباری ہوئی ہے، جبکہ شاہراہ قراقرم پر برف پڑنے کے باعث گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہو گئی ہے۔ ضلع خیبر کے مختلف علاقوں میں رات بھر موسلادھار بارش جاری رہی جبکہ وادی تیراہ میں شدید برفباری کے باعث موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے۔

آزاد کشمیر میں بھی بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ بالائی وادی نیلم کی متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو چکی ہیں جبکہ لیپہ کو ملانے والی شاہراہ ریشیاں سے ٹریفک معطل ہے۔ وادی نیلم میں کیل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10 اور تاوبٹ میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے شہریوں اور سیاحوں کو سردی، بارش اور برفباری کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔