مری جانے والے راستے بند، گاڑیاں واپس بھیجی جا رہی ہیں: اسلام آباد پولیس
اسلام آباد اور مری کے درمیان آمد و رفت ایک بار پھر متاثر ہو گئی ہے، جہاں برفباری اور خراب موسم کے باعث مری جانے والے تمام داخلی راستے تاحال بند ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق موجودہ صورتحال میں راستے کھلنے کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا، جس کے باعث مری کی جانب جانے والی گاڑیوں کو مختلف مقامات سے واپس موڑا جا رہا ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران سڑکوں پر موجود ہیں اور رش کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کو رواں رکھنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ پولیس کی جانب سے مری جانے والے سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم بہتر ہونے تک مری کا رخ نہ کریں۔
دوسری جانب مری، گلیات اور گردونواح میں برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے، جس کے بعد سیاحوں کے لیے احتیاطی تدابیر کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق 26 اور 27 جنوری کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، سرگودھا، گجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بھی بارش متوقع ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں سے گزارش کی ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کا فیصلہ کریں اور غیر ضروری مشکلات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔













