یقین ہے ایرانی ٹیم ورلڈکپ کھیلنے امریکا ضرور آئے گی: فیفا چیف

فیفا کے صدر نے ایرانی فٹبال ٹیم کو امریکا میں مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے
شائع 16 اپريل 2026 07:29pm

فٹبال کی عالمی تنظیم ’فیفا‘ نے ایران کی ٹیم کو ورلڈکپ کے لیے امریکا آنے کی صورت میں مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ فیفا نے ایران کی ورلڈکپ کے میچز امریکا سے میکسیکو منتقل کرنے کی درخواست بھی مسترد کر دی ہے۔

فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو نے امریکی نشریاتی ادارے ’سی این بی سی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سیاسی اور سیکیورٹی خدشات کے باوجود ایران کے میچز امریکا میں ہی ہوں گے۔

فیفا نے امریکا میں ہونے والے ورلڈکپ میں ایرانی کھلاڑیوں اور عملے کو مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی ہے۔

فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو نے کہا کہ حال ہی میں وہ ترکیہ کے شہر انطالیہ میں ایرانی ٹیم کے ٹریننگ کیمپ میں گئے تھے، جہاں کھلاڑیوں نے ان سے ورلڈ کپ میں شرکت کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایرانی ٹیم نے کوالیفائی کیا ہے، کھلاڑی ورلڈ کپ کھیلنا چاہتے اور وہ اپنے عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اس لیے ایرانی ٹیم کو امریکا آنا ہی ہوگا‘۔

گیانی انفینٹینو نے پاکستان کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کا حوالہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ٹورنامنٹ شروع ہونے تک خطے کے حالات مکمل طور پر پُرامن ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے باعث ایران کے وزیرِ کھیل نے امریکا میں کھیلنے سے معذرت کی تھی، جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایرانی کھلاڑیوں کی سلامتی کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

اس صورتِ حال کے پیشِ نظر ایرانی حکام نے مطالبہ کیا تھا کہ ان کے میچز امریکا کے بجائے ورلڈ کپ کے دوسرے شریک میزبان ملک ’میکسیکو‘ میں کروائے جائیں تاہم فیفا نے اس مطالبے کو مسترد کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ ایران ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی ابتدائی ٹیموں میں شامل ہے۔ شیڈول کے مطابق ایرانی ٹیم کے گروپ اسٹیج کے تمام میچز امریکا کے مغربی ساحل پر کھیلے جائیں گے۔

ایران کا پہلا میچ 15 جون کو نیوزی لینڈ اور 21 جون کو بیلجیئم کے خلاف لاس اینجلس میں شیڈول ہے جب کہ 26 جون کو اس کا مقابلہ مصر سے سیاٹل میں طے ہے۔ اگر ایرانی ٹیم ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرتی ہے، تو اس صورت میں بھی بقیہ تمام میچز امریکا ہی میں کھیلے جائیں گے۔