وزیراعظم شہباز شریف کا لبنان جنگ بندی کا خیر مقدم

وزیراعظم نے امریکی صدر ٹرمپ کی قیادت اور جنگ بندی کے اقدامات کو سراہا۔
شائع 17 اپريل 2026 05:58pm

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کے سینئر مشیر سے ملاقات کی اور امن کوششوں پر بات چیت کی۔ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی قیادت اور جنگ بندی اقدامات کو سراہا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سینئر مشیر نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی امن کوششوں اور مجوزہ تاریخی اسلام آباد مذاکرات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاک بھارت جنگ بندی میں ان کے کردار کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے جرات مندانہ فیصلے کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی۔ انھوں نے لبنان میں جنگ بندی معاہدے پر بھی صدر ٹرمپ کی قیادت کی تعریف کی اور اسے خطے میں امن کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ (سابق ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان میں جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں کی گئی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں یہ جنگ بندی ممکن ہوئی جو امن کی جانب ایک اہم اور مثبت پیش رفت ہے۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ امید ہے یہ جنگ بندی خطے میں دیرپا اور پائیدار امن کی راہ ہموار کرے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان لبنان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خطے میں مستقل امن کے لیے تمام سفارتی اور سیاسی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

خیال رہے کہ جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ میں ایک بڑی سفارتی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے اسرائیل اور لبنان کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سماجی پلیٹ فارم ’سوشل ٹروتھ‘ پر تفصیلی بیان میں اعلان کیا کہ انہوں نے لبنان کے صدر جوزف عون اور اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کی ہے۔ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن کے قیام کی جانب قدم بڑھاتے ہوئے باضابطہ طور پر 10 روزہ جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی۔

تاہم اس پیش رفت کے باوجود اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ لبنان میں جنگ بندی معاہدے کے باوجود وہ جنوبی لبنان میں قبضہ کیے گئے تمام علاقوں پر اپنا کنٹرول برقرار رکھے گا۔

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے جمعے کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں اپنی کارروائیوں کے دوران حاصل کیے گئے تمام علاقوں پر بدستور موجود رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے لبنان کے اندر تقریباً 10 کلومیٹر تک ایک ”سیکیورٹی زون“ قائم کر لیا ہے۔