اسکردو میں ایک ہوٹل کے کمرے سے غیرملکی خاتون سیاح کی لاش برآمد
اسکردو میں ایک ہوٹل کے کمرے سے غیرملکی خاتون سیاح کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق خاتون سیاح کو ہوٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں پایا گیا جس کے بعد فوری طور پر اسے اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم ڈاکٹروں نے اسپتال پہنچنے پر خاتون کی موت کی تصدیق کر دی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ خاتون سیاح کا تعلق ملائیشیا سے بتایا جا رہا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، مگر وہ پہلے ہی دم توڑ چکی تھیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر خاتون سیاح کی موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دی گئی ہے۔
واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے قانونی کارروائی اور مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ موت کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔














