لیاری گینگ وار کے اہم کارندے وصی اللہ لاکھو کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری

دہشت گردی، بھتہ خوری اور سنگین جرائم میں مطلوب ملزم کو انتہائی خطرناک اور مفرور قرار
شائع 22 اپريل 2026 02:36pm

کراچی سمیت سندھ بھر میں جرائم کی سنگین وارداتوں میں مطلوب لیاری گینگ وار کے مبینہ کارندے وصی اللہ لاکھو کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری کر دیا گیا ہے، جس کے بعد بین الاقوامی سطح پر اس کی گرفتاری کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

سندھ پولیس کی درخواست پر وفاقی وزارت داخلہ نے ملزم وصی اللہ لاکھو کے خلاف ریڈ وارنٹ کے اجرا کے لیے انٹرپول سے رجوع کیا تھا، جس کے بعد ریڈ وارنٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق وصی اللہ لاکھو لیاری گینگ وار کا ایک اہم کارندہ ہے اور وہ دہشت گردی، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم کے درجنوں مقدمات میں مطلوب ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف 60 سے زائد مقدمات درج ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملزم پر تاجروں کو بھتے کے لیے دھمکانے اور جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات بھی ہیں۔

ریڈ وارنٹ میں ملزم کو انتہائی خطرناک اور مفرور قرار دیا گیا ہے، جبکہ بین الاقوامی سیکیورٹی اداروں کو بھی اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ریڈ وارنٹ کے اجرا کے بعد ملزم کی گرفتاری کے لیے عالمی سطح پر اقدامات کیے جائیں گے اور اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔